چینی قونصل خانہ کورونا وائرس ایس او پیز، سکیورٹی پروٹووکول پر عملدرآمد یقینی بنائے گا، اجلاس میں فیصلہ

کوویڈ 19کے خاتمے کیلئے پاکستان چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتاہی: مومن آغا ۳چینی باشندوں کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں ، پرائیوٹ گارڈز کے کورونا وائرس ٹیسٹس کرنے سے متعلق ہدایات جاری ) کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں چین پاکستان کے شانہ بشانہ ہے، ہر قسم کا تعاون فراہم کرتا رہے گا: چینی قونصل جنرل

بدھ 8 جولائی 2020 19:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2020ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا کی زیر صدارت چینی سکیورٹی سے متعلق پرائمری جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں سی پیک اور دیگر منصوبوں کی سکیورٹی بہتر بنانے اور کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے دو طرفہ تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن، وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل چین مدثر ٹیپو، ڈی آئی جی سپیشل برانچ عبدالکریم، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر آصف طفیل،ایڈیشنل سیکرٹری چینی سکیورٹی ارشد منظور،لاہور میں چینی قونصل خانے کے افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سی پیک اور چین کے تعان سے جاری دیگر منصوبوں کی سکیورٹی چینی باشندوں کے تحفظ سے زیادہ دو دوست ممالک کے تعلقات کا معاملہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ مومن آغانے کہا کہ چین نے اپنے طبی ماہرین ،ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کی مدد سے کورونا وائرس جیسی وباء پر قلیل مدت میں قابو پا یا ہے ، پاکستان بالخصوص پنجاب حکومت ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔

انہوں نیچینی باشندوں کی سکیورٹی پر مامور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور پرائیوٹ گارڈز کے کورونا وائرس ٹیسٹس کرنے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔ اجلاس میں اہم امور زیر بحث آئے اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ چینی قونصل خانے کی جانب سے چینی باشندوں کو سکیورٹی اقدامات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تعاون فراہم کرنے اورکورونا وائرس ایس او پیز کیساتھ ساتھ سکیورٹی پروٹووکول پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا ۔

سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن نے وفاقی حکومت اوراس کے اداروں بالخصوص وزارت خارجہ، پاک فوج، حکومت پنجاب اور اس کے محکموں کی پیشہ وارانہ قابلیت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں چین پاکستان کے شانہ بشانہ ہے اور اپنے تجربات کی روشنی میں اسے میڈیکل کے شعبے میںتکنیکی معاونت اور ہر قسم کا تعاون فراہم کرتا رہے گا۔چینی قونصل جنرل نے کہا کہ صدر شی جنگ پنگ کی ہدایت پر چین پاکستان کو کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے طبی آلات، حفاظتی سامان اور ادویات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور چین ملکر اس وباء کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہونگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں