پنجاب میں چینی کمپنی کے اشتراک سے 4بلین یو ایس ڈالر کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا آغاز

صوبے بھر میں صاف پانی کی سپلائی، میٹروں کی تنصیب اور ترسیل کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا‘ ڈاکٹر سلمان شاہ

بدھ 5 اگست 2020 22:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2020ء) مشیر وزیر ا علی پنجاب برائے اقتصادی امور ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت واسا اور چینی کمپنی کے اشتراک سے 4بلین یو ایس ڈالر کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کے منصوبہ کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت صوبے بھر میں صاف پانی کی سپلائی، میٹروں کی تنصیب اور ترسیل کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔

منصوبے کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا اورابتدائی طور پر لاہور کی 20ڈسٹرکٹ مینجمنٹ ایڈمنسٹریشنز میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے نیٹ ورکنگ کی جائے گی۔ پرائیویٹ کمپنی واسا کے اثاثہ جات کو استعمال کر کے صارفین کو گھروں میں نلکوں کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ صارفین پر اخراجات کا کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

(جاری ہے)

جدید نیٹ ورکنگ سے پانی کے بہا میں بہتری آئے گی موٹر کا استعمال کم سے کم ہو گا جس سے بجلی کے بلوں میں بھی کمی آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار مشیر وزیر اعلی نے وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سیل کے چیئرمین، متعلقہ افسران اور واسا اور پرائیویٹ کمپنی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ پرائیویٹ پارٹنر نے اجلاس کو منصوبہ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبہ کے تحت لاہور شہر کو 140زونز میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں سے ابتدائی 20زونز کا انتخاب سب سے زیادہ ضرورت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں