ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے حکومت اور اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے ، ہمایوں اختر خان

منگل 11 اگست 2020 16:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ یہ طے ہو چکا ہے کہ پاکستان میں اب ماضی کا کرپشن ماڈل نہیں چلے گا ، ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے حکومت اور اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے ، ملک میں ہائبرڈ نہیں بلکہ جمہوری ماڈل ہے ،حکومت کو شکست خوردہ اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔

ان خیالات کا اظہارا نہوںنے اپنے دفتر میںپارٹی کے مرکزی رہنمائوں کے وفد سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے ساتھ کیا کیا ، مولانا فضل الرحمان جیسا تجربہ کار شخص دوبارہ دھوکہ کھانے کیلئے تیار ہو جائے ایسا ہو نہیں سکتا وہ اپنی سیاسی کاوشوں سے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا ایک ہی رونا اور واویلا ہے کہ انہیں کسی نہ کسی طرح کرپشن کیسز سے ریلیف مل جائے لیکن دنیا ادھر کی اٴْدھر تو ہو سکتی ہے تحریک انصاف کی حکومت احتساب کے اصولی نظریے اور موقف سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی ،یہ طے ہو چکا ہے کہ پاکستان میں اب ماضی کا کرپشن ماڈل نہیں چلے گا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) عام انتخابات میں شکست کھا چکی ہیں ، اس وقت ان کی سیاست کی حالت بڑی پتلی ہے ، سیاسی کسمپرسی کی شکا ر اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی توجہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور معاشی حالات کو بہتر کرنے پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں اور اپوزیشن کی پوری کوشش ہے کہ ان کے عزم اور توجہ میں خلل ڈالا جائے جس کے لئے کوئی نہ کوئی ڈگڈی تماشہ کیا جاتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں