پرندوں سے طیاروں کو بچانے اور ہوائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کابڑا فیصلہ

ہوائی اڈوں پر برڈشوٹر سمیت پرندوں کو بھگانے کے روایتی طریقوں کوبتدریج ختم کر کے جدید خودکار برقی نظام نصب کئے جائینگے

منگل 11 اگست 2020 23:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2020ء) پرندوں سے طیاروں کو بچانے اور ہوائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بڑا فیصلہ کرلیا۔ہوائی اڈوں پر برڈشوٹر سمیت پرندوں کو بھگانے کے روایتی طریقوں کوبتدریج ختم کیا جائے گا اور ملک کے بڑے انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر پرندوں سے جہازوں کو بچانے کیلئے جدید خودکار برقی نظام نصب کئے جائیں گے۔

جناح انٹر نیشنل، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر ائیرپورٹ پر جدید خود کار نظام نصب کئے جائیں گے۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل سی اے اے حسن ناصر جا می نے احکامات جاری کردیئے۔ڈی جی سی اے اے حسن ناصر جامی کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں پربرڈشوٹرسمیت پرندوں کو بھگانے کے روایتی طریقوں کوبتدریج ختم کیا جائے گا،اورجدید سونک سسٹم کی تنصیب ممکن بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

کراچی اور لاہور ائیرپورٹ کے اطراف کی آبادیوں میں گندگی کے باعث پرندوں کی آمد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ پرندوں کی آمد کی وجہ سے جہازوں اور فضائی سفر کیلئے خطرے کا باعث بن رہے ہیں۔عیدالاضحی پر کراچی پر گندگی اور کچرے کے ڈھیروں کی وجہ سے پرندوں کی آمد میں سب سے زیادہ اضافہ ہورہا ہے۔ائیر پورٹ انتظامیہ کے مطابق پرندوں کی آمد میں اضافہ جہازوں کیلئے خطرہ ہیں، بلدیاتی اداروں کو متعدد بار صفائی ستھرائی اور کچرے کو اٹھانے کیلئے کہا گیا لیکن تاحال کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں