قوم جشن آزادی ملک سے کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کیساتھ منا رہی ہے : ترجمان پنجاب حکومت

انشااللہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا ہر دن گزرے ہوئے دن سے بہتر ہوگا : مسرت جمشید چیمہ کا یوم آزادی پر پیغام

جمعرات 13 اگست 2020 22:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2020ء) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم جشن آزادی اس تجدید عہد اور عزم کے ساتھ منا رہی ہے کہ ملک سے کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور کسی کو بھی ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا جائے گا ،انشااللہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا ہر دن گزرے ہوئے دن سے بہتر ہوگا اور اس ملک کو حقیقی معنوں میں قائد کا پاکستان بنائیں گے ۔

اپنے پیغام میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے قوم کو 73 ویں یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد تحریک پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنا اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

اس دن ہم عہد کریں کہ ملکی ترقی و استحکام کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ آج پاکستا ن کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق بھرپور محنت کرنا ہو گی تاکہ عالمی سطح پرپاکستان کا نام بلند ہونے کے ساتھ ساتھ عزت و وقار کی علامت ہو۔

ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خا ن بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق پاکستان کی ترقی کیلئے عمل پیرا ہیں اور عوام کو پورا یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تمام بحرانوں سے باہر نکلے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں