پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ لٹریسی سکولوں کے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت پر پوری توجہ دی ہے، راجہ راشد حفیظ

جمعہ 18 ستمبر 2020 17:51

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2020ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق جہالت کے اندھیروں کو مٹانے اور شرح خواندگی کو سو فیصد کرنے کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں جن کے نتیجے میں ہم انشاء اللہ نہ صرف شرح خواندگی کا مطلوبہ ہدف حاصل کریں گے بلکہ تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ اس کے ذریعے معاشرتی اصلاح بالخصوص جیلوں میں بند قیدیوں کو اچھی زندگی گزارنے کا شعور و ادراک دے رہے ہیں ۔

پنجاب کی تاریخ میں محکمہ لٹریسی کو پہلی مرتبہ ایک باقاعدہ پالیسی دے کر اسے نتیجہ خیز بنانے کی شروعات کی گئی ہیں جس کا کریڈٹ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

خواندگی کے فروغ کیلئے شروع کئے گئے تمام منصوبوں پر ان کی پوری روح کے مطابق عمل درآمد میں کوئی سستی ، غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔ انہو ںنے ان خیالات کا اظہار محکمہ لٹریسی کے افسران سے ایک خصوصی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں صوبائی وزیر کو لٹریسی کے نئے منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

راجہ راشد حفیظ نے ان تمام منصوبوں کو بروقت اور مطلوبہ معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ وہ تسلسل کے ساتھ نہ صرف ان منصوبوں پر پیش رفت کے جائزے کیلئے اجلاسات منعقد کریں گے بلکہ خود ہر ہر منصوبے کا جائزہ لینے کیلئے دورے بھی کریں گے۔ انہوں نے محکمہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ لٹریسی سکولوں کے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت پر پوری توجہ دی ہے ۔

اس کے ساتھ ساتھ طلبہ میں تعلیم حاصل کرنے کا شوق پیدا کرنے پر بھی پورا فوکس کر رہے ہیں تاکہ ہم مطلوبہ نتائج حاصل کر سکیں۔ صوبائی وزیر کو جیلوں ، پنجاب کے دارلامان مراکز ، اینٹو کے بھٹوں ، مدارس اور دیگر جگہوں پر بنائے گئے نئے لٹریسی مراکز کی کارکردگی کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ہماری پوری توجہ اور محنت کے نتیجے میں ان مراکز سے اطمینان بخش نتائج مل رہے ہیں تاہم ہمیں اور زیادہ محنت اور توجہ کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

دریں اثناء راجہ راشد حفیظ نے تعلیمی سرگرمیوں کے دوبارہ اجراء پر ایک نجی سکول میں طلبہ کو کورونا سے بچائو کی حفاظتی تدابیر بتانے کیلئے منعقدہ خصوصی اسمبلی میں بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوفزدہ ہونے کی بجائے حفاظتی تدابیر کے بارے میں مکمل شعور اور آگاہی حاصل کرکے ان پر عمل کریں اور اپنی پوری توجہ کے ساتھ تعلیم حاصل کریں ․ انہوں نے اساتذہ سے بھی کہا کہ وہ احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں