موسم سرما میں سموگ سے نمٹنے کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی خدمات لی جائیں گی‘ مخدوم ہاشم

سموگ اپنے مضر صحت اثرات کے باعث آفت کی شکل اختیار کر چکی ہے،ضروری ہے کہ اس سے آفت کی طرح ہی نمٹا جائے اتھارٹی سموگ سیزن میں آلودگی پر کنٹرول کے لیے فوری نوعیت کے اقدامات سر انجام دے گی‘وزیر خزانہ پنجاب کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ ستمبر 17:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2020ء) موسم سرما میں سموگ سے نمٹنے کے لیے ریلیف کمشنر پنجاب کی قیادت میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی خدمات لی جائیں گی،اتھارٹی مسئلہ سے نمٹنے کے لیے تحقیق سے لیکر پالیسی سازی، ایس او پیز کی تیاری، نگرانی اور سموگ کے سماجی و معاشی اثرات سے بحالی کے فرائض سرانجام دے گی، معیشت کے پہیے کو جاری رکھنے کے لیے صنعتوں کی ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لیے خصوصی مراعات دی جائے گی، اتھارٹی کے تحت سموگ پر کنٹرول کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ عوام کو حفاظتی تدابیر کے ساتھ ساتھ حکومتی اقدامات سے بھی بروقت آگاہ کیا جا سکے، تمام متعلقہ محکمے سموگ پر کنٹرول کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے صوبے میں سموگ پر کنٹرول کے اقدامات کے لیے وزیر اعلی کی تشکیل کردہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا کے دوران سموگ پر کنٹرول کے حوالے سے محکمہ صنعت اور ٹرانسپورٹ کے تحت طویل مدتی اقدامات تعطل کا شکار رہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ موسمی تغیرات کے سبب اکتوبر اور نومبر میں اچانک نمودار ہونے والی سموگ مضرصحت اثرات کے سبب آفت کی شکل اختیار کر چکی ہے۔

خاص کر اس وقت جب کورونا سے بھی انسانی زندگیوں کوکم و بیش ایسے ہی خطرات کا سامنا ہے ضروری ہے کہ سموگ کو بھی ہنگامی بنیادوں پر کنٹرول کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے سموگ پر کنٹرول کے لیے پنجاب ڈیزاسٹر اتھارٹی کی خدمات سے استفادے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سموگ پر کنٹرول کے لئے بورڈ آف ریونیو کا انتخاب ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے دائرہ کاراور مقامی سطح پر دفاتر کی موجودگی اور لوکسٹ اور کوویڈ کے دوران اتھارٹی کی منظم کاروائیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

اتھارٹی سموگ کے دوران فوری اور قلیل مدتی اقدامات سرانجام دے گی۔ طویل المدتی اقدامات کی ذمہ داری بتدریج متعلقہ محکموں کے پاس رہے گی۔ اتھارٹی سموگ کے دوران ضرورت کے مطابق ادویات کی دستیابی اور آلودگی پر کنٹرول کے لیے آلات کی خریداری کے فرائض سرانجام دے گی۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سموگ پر کنٹرول کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات کو یقینی بنائے گی۔

محکمہ صنعت کے تحت گرین پنجاب پروگرام کے تحت صنعتوں میں سکربرز اور بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لیے مالی معاونت کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی کے استعما ل کی تربیت بھی دی جائے گی۔اجلاس کے دیگر شرکا میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمی تغیرات ملک امین اسلم خان، صوبائی وزیر برائے ماحولیات محمد رضوان، وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، وزیر اعلی سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سر براہ فضیل، سیکرٹری ماحولیات، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ڈائریکٹر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ایڈیشنل آ ئی جی آپریشنز شامل تھے۔

صوبائی وزیر نے ایڈیشنل آئی جی آپریشنز کو ہدایت کی وہ سموگ کے دوران دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی بندش کو یقینی بنائیں اس سے قبل عوام کو ہنگامی کاروائیوں کی ضرورت سے آگاہ کیا جائے تاکہ عوامی حلقوں سے کسی قسم کی نا خوشگواریت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments