لاہور پولیس کی مربوط کاوشوں کی وجہ سے محرم الحرام پُرامن گزرا،اشفاق خان

پیر 21 ستمبر 2020 22:04

لاہور- (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2020ء) محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے لئے لاہور پولیس کی طرف سے شہر بھر میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کئے گئے ۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا کہ لاہور پولیس کی مربوط کاوشوں کی وجہ سے محرم الحرام پُرامن گزرا۔محرم الحرام کے دوران سرچ اینڈ سویپ آپریشنز، سنیپ چیکنگ اورباقاعدگی سے بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشنز سے جرائم پیشہ،اشتہاری اور شر پسند عناصر کی گرفتاری میں مدد ملی۔ سرچ اینڈ سویپ آپریشنز امام بارگاہوں اورعزاداری جلوسوں کے روٹس کے اطراف میں کئے گئے۔تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے بتایا کہ محرم الحرام کے مہینے میں سٹی ڈویژن کی114 ، کینٹ 94،سول لائنز105، اقبال ٹائون86،صدر87اور ماڈل ٹائون ڈویژن کی107علاقوں میں سرچ آپریشنز کئے گئے ۔

(جاری ہے)

سرچ آپریشنز کے دوران12669گھروں،52335 اشخاص اور4308 کرایہ داروںکو چیک کیا گیا۔68ہوٹل، 53ہاسٹلز07بس ٹرمینلز،36گودام اور501دکانیںبھی سرچ آپریشنز کے دوران چیک کی گئیں۔قانون شکنی کے مرتکب 343افراد کے خلاف کے کارروائی کی گئی۔ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر88افراد کو حراست میں لیا گیاجبکہ 247افراد کے خلاف انسدادی کاروائیاں بھی عمل میں لائی گئیں۔

سرچ آپریشنز کے دوران منشیات کے 05اور اسلحہ کے 01مقدمہ درج جبکہ 01اشتہاری مجرم بھی گرفتار کیا گیا ۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ امن دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے سرچ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکار سرچ آپریشنز کے دوران شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پولیس اور شہری ماسک، سماجی فاصلہ سمیت کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیربھی اپنائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں