اکبری منڈی کی لکھو ڈیر نیو منڈی منتقلی کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری زراعت کو ایک ماہ میں فیصلہ کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم

پیر 21 ستمبر 2020 23:58

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے اکبری منڈی کو اندرون شہر سے لکھو ڈیر نیو منڈی میں منتقلی کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری زراعت کو اکبری منڈی ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر ایک ماہ میں فیصلہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے اکبری منڈی ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست میں سیکرٹری زراعت، چیئرمین ایگری کلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اکبری منڈی کو غیر قانونی طور پر مارکیٹ کمیٹی بنا دیا گیا ہے اکبری منڈی نجی اراضی پر مشتمل ہے جس میں دکانیں ایم سی ایل کی ہیں۔ درخواستگزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اکبری منڈی کا مارکیٹ کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے ایگریکلچر پروڈیوس ایکٹ کے تحت اکبری منڈی میں کوئی کمیشن ایجنٹس بھی نہیں ہیں۔ اکبری منڈی میں تمام دکاندار دوسرے شہروں سے مال منگواتے ہیں۔لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ اندورن شہر میں قائم کاروباری مرکز اکبری منڈی کو شہر سے باہر دور دراز علاقے میں منتقلی کے اقدام کو روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں