لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا محکمہ اوقاف پنجاب کے ڈی جی کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ

بدھ 23 ستمبر 2020 17:56

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی نے محکمہ اوقاف پنجاب کے ڈی جی اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کو بلاتاخیر عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد وزیر خان اور موتی مسجد لاہور میں فلمی شوٹنگ اور ناچ گانے کی اجازت دے کر مساجد کی بے حرمتی کرنے اورحضور نبی اکرمﷺ کے نعلین پاک کی چوری میں ملوث ڈی جی اوقاف نے اپنے خلاف تمام تر انکوائریاں دبوا لیں ہیں جبکہ محکمہ اوقاف کے صوبائی وزیر کی طرف سے اپنے خلاف کرپشن کیس کو بھی بے اثر کر دیا ہے۔

اس امر کا اظہار لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر طاہر نصر اللہ وڑائچ نے بار عہدے داروں اور دیگر وکلاء رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پراحسن بھون ،جی اے خان طارق ،پیر مسعود چشتی ،اسد منظور بٹ ، بیرسٹر چوہدری سعید حسین ناگرہ ، ذیشان غنی سلہریا ، فیاض احمد رانجھا ، عنصر جمیل گجر سمیت وکلاء رہنماؤں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈی جی اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا نے بار کے سینئر ممبر و سابق جج نذیر احمد غازی کو جامع مسجد غوثیہ مسلم ٹاؤن لاہور میں نماز جمعہ پڑھانے سے روکنے کیلئے انہیں سنگین نتائج کی دہمکیاں دیں جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہیں تاہم ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ بار کے عہدیداروں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر رضا1991ء میں سکول ٹیچر بھرتی ہوا اور غیر قانونی طریقے سے ڈیپوٹیشن پر محکمہ اوقاف میں آیا لیکن آج تک کسی نے اس معاملے کی انکوائری نہیں کی۔ بار عہدیداروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ڈی جی اوقاف کو بلاتاخیر عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر تے ہو ئے کہا ہے کہ ان کے خلاف درجنوں کرپشن کیسسز کی نیب اور محکمہ اینٹی کرپشن سے انکوائری کرانے قرار واقعی سزا دی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں