منہاج القرآن ویمن لیگ ’’وائس‘‘ کے زیر اہتمام سہ ماہی آگاہی مہم کا آغاز

مختلف شعبہ جات کی ماہر خواتین آن لائن تربیتی نشستوں میں لیکچررز دیں گی

بدھ 23 ستمبر 2020 19:06

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی فورم ’’وائس‘‘کی طرف سے سہ ماہی آگاہی و بیداری شعور مہم کا آغاز بدھ کے روز سے ہو گیا، ’’وائس‘‘نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں قابل ذکر خدمات انجام دینے والی خواتین کے علم،تجربے اور مشاہدہ سے استفادہ کرنے کیلئے سہ ماہی آن لائن سیشنز کا اہتمام کیا ہے۔

’’وائس‘‘ کی یہ آگاہی مہم دسمبر 2020 ء تک جاری رہیگی۔ نائب ناظمہ ویمن لیگ اور پروگرام کی کوآرڈینیٹر عائشہ مبشر نے ’’وائس‘‘ کی بیداری شعور و آگاہی مہم کے بارے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کو’’Awareness is empowerment‘‘کا نام دیا گیا ہے، اس پروگرام کے تحت خواتین کو سماجی، معاشی، ثقافتی استحصال سے بچایااورکیریئر کونسلنگ وطبی حوالے سے ایکسپرٹس کے ذریعے انتہائی مفید معلومات مہیا کی جائینگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے کامیاب پروفیشنلز خواتین کو ان فیملیز کے ساتھ جوڑا جائیگا جنہیں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے حوالے سے رہنمائی اور مدد کی ضرورت رہتی ہے،نالج شیئرنگ سے سماجی فاصلوں کو کم سے کم کیا جائیگا۔عائشہ مبشر نے کہاکہ ہیلتھ ایکسپرٹس، فزیشنز، وکلاء، کیریئر کنسلٹنٹس پر مشتمل پینل اس آگاہی پروگرام کا حصہ ہونگے، سہ ماہی آگاہی پروگرام کے تحت ایک ہزار خواتین کو ایجوکیٹ اور متحرک کیا جائیگا، باہمی تعاون سے ترقی کی منازل طے کرنے کے اس پروگرام کو چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور نائب صدر ایم کیو آئی بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان کی سرپرستی اور رہنمائی حاصل ہے۔

انہوں نے کہاکہ سہ ماہی آگاہی سیشنز میں سماجی معلومات،صحت کے متعلق معلومات، لیڈر شپ ٹریننگ سیشن بھی منعقد کئے جائینگے اور خواتین کو اس قابل بنایا جائیگا کہ وہ اپنے مسائل کو سمجھ سکیں اور انہیں حل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا حصہ ایکسپرٹس خواتین کو قومی ایشوز پر بھی رہنمائی مہیا کرینگے تاکہ خواتین اپنے اطراف میں ہونے والی تعلیمی، سماجی، معاشی تبدیلیوں اور رجحانات سے بھی باخبر رہ سکیں۔

عائشہ مبشر نے کہاکہ معلومات کے تبادلہ اور نالج شیئرنگ سے ہم پائیدار امن اور ترقی کے اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’وائس‘‘کے اس آگاہی پروگرام میں منہاج القرآن اور اس کے ذیلی فورمز سے وابستہ فیملیز کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کی خواتین بھی شریک ہو سکتی ہیں، اس ضمن میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی فیلڈز میں کام کرنے والی ذمہ داران سے بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

عائشہ مبشر نے بتایا آگاہی مہم کے اس پروگرام کے دائرہ کار کو بتدریج بڑھایا جائیگا ۔انہوں نے بتایا کہ آگاہی پروگرام کیلئے جن موضوعات پر مشاورت کی جا چکی ہے ان میں (1)ورک پلیس پرخواتین کو ہراساں کئے جانے کے منفی رجحان کا خاتمہ (2)آزادی اور قواعد و ضوابط (3)گلوبل وارمنگ اور غربت (4)پاکستان کی تعمیر میں خواتین کا کردار (5)فیشن ٹرینڈز (6)رول آف ٹرانس جینڈراور ان کی فلاح(7)ویمن امپاورمنٹ (8)کم عمری کی شادی (9)خاندانی،علاقائی روایات کی اہمیت (10)روایات اور ثقافت میں ہم آہنگی جیسے موضوعات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس آگاہی پروگرام میں خواتین کی صحت کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے جس میں کمر درد، کورونا وائرس سے بچاؤ اور اس کا علاج، متوازن غذا، صحت مند خوراک، ذیابیطس، جلد کی بیماریاں اور ان کی حفاظت، ڈپریشن سے بچاؤ جیسے طبی موضوعات بطور خاص شامل ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں