چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 22 طلبا میں کورونا کی تصدیق ،مجموعی تعداد 81 ہوگئی

بدھ 23 ستمبر 2020 23:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2020ء) چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 22 طلبا میں کورونا کی تصدیق ہوگئی، 15 ستمبر سے اب تک کورونا سے متاثرہ طلبہ کی مجموعی تعداد 81 ہوگئی ۔تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد تمام تر اقدامات کے باوجود طلبا کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے کیسز میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں مزید 22 طلبہ کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔

کورونا کی تشخیص کیلئے محکمہ پرائمری ہیلتھ کی جانب سے لاہور سمیت صوبے بھر کے 763 تعلیمی اداروں سے طلبہ ، اساتذہ اور سٹاف ممبران کے کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں ۔ مجموعی طور پر 39 ہزار 296 ٹیسٹ اب تک کئے جاچکے ہیں اور 15 ستمبر سے اب تک 81 طلبہ کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ ضلع گوجرانوالہ ہے جہاں سے 45 طلبا کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے ہیں ۔

گجرات میں 12 ، ننکانہ صاحب میں 9، فیصل آباد میں 7 ، لاہور میں 3 طلبا اب تک کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔دوسری جانب چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں کورونا کے 38 نئے مریض سامنے آئے ہیں اور پنجاب بھرمیں مجموعی طورپر 115 نئے کورونا کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ لاہور سمیت صوبے میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئی موت واقع نہیں ہوئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں