ا پوزیشن کو دیوار سے لگانا ہمارا ایجنڈا نہیں حکومت اپوزیشن سے بات چیت کیلئے ہمیشہ تیار ہے‘میاں محمد سومرو

کسی تحریک سے خطرہ نہیں حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ،حالیہ سیاسی صورتحال سے معاشی ایجنڈا متاثر نہیں ہو گا ‘میڈیا سے گفتگو

پیر 28 ستمبر 2020 16:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر نجکاری میاں محمد سومرو نے کہا ہے کہ ا پوزیشن کو دیوار سے لگانا ہمارا ایجنڈا نہیں حکومت اپوزیشن سے بات چیت کیلئے ہمیشہ تیار ہے ، کسی تحریک سے کوئی خطرہ نہیں حکومت اپنی 5 سالہ مدت پوری کرے گی ،ملک میں جاری حالیہ سیاسی صورتحال سے معاشی ایجنڈا متاثر نہیں ہو گا ۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے مقامی ہوٹل میں سرکاری املاک کی نیلامی کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔

وفاقی وزیر میاں محمد سومرو نے کہا کہ اپوزیشن کو دیوار سے لگانا ہمارا ایجنڈا نہیں حکومت اپوزیشن سے بات چیت کیلئے ہمیشہ تیار ہے اس میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ کسی تحریک سے کوئی خطرہ نہیں حکومت اپنی 5 سالہ مدت پوری کرے گی ،ملک میں جاری حالیہ سیاسی صورتحال سے معاشی ایجنڈا متاثر نہیں ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ رواں مالی سال میں سرکاری املاک سے نجکاری کا ہدف 100 ارب روپے مقررکیا گیا تھا ملک میں حالیہ کورونا کی لہر نے اس عمل کو متاثر کیا تاہم نجکاری کمیشن اس ہدف کو مکمل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں اب تک 24 پراپرٹیز کی نیلامی ہو چکی ہے جس سے ایک ارب 7 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی ۔ سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی نجکاری کا عمل شروع ہوا ہے جبکہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں پیسکو اور حیسکو کی ابتدائی سٹڈی ہو رہی ہے۔ واضح رہے کہ نجکاری کمیشن نے 7 ستمبر سے سرکاری املاک کی نیلامی کا عمل شروع کیا تھا جس کے تحت اسلام آباد لاہور ،گوجرانوالہ، ملتان ، وہاڑی ، رحیم یارخان ، نواب شاہ اورکاغان میں نیلامی کا عمل ہو چکا ہے۔

اس سلسلہ میں پیر کے روز لاہور میں وزارت صنعت و پیداوار کی زیر ملکیت پراپرٹی ری پبلک موٹرز کی نیلامی کا عمل ہوا جس کی ریزرو قیمت 5 ارب روپے مقرر کی گئی تھی تاہم بولی میں کوئی خواہش مند پارٹی حصہ نہ لے سکی جس کی وجہ سے بولی کا عمل ملتوی کر دیا گیا ۔ سرکاری املاک کی نیلامی کا عمل مکمل ہونے کے بعد وفاقی کابینہ کی کمیٹی اس کا جائزہ لے گی اور حتمی منظوری دے گی جس کے بعد جائیدادیں ان کے مالکان کو ٹرانسفر کی جائیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں