صوبائی وزیر انسانی حقو ق کا ٹائون شپ لاہور میں بچے پر تشدداورپاکپتن میں چچا کا بھتیجی کو جلانے کے واقعات کا نوٹس

پیر 28 ستمبر 2020 20:26

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2020ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے لاہور کے علاقے ٹائون شپ میں معصوم بچے اور پاکپتن میںچچا کا بھتیجی کو جلائے جانے کا نوٹس لے لیا۔تفصیل کے مطابق لاہور کے علاقے ٹائون شپ میں موٹر سائیکل ورکشاپ میں شاہد غفار نامی استاد نے معصوم بچے پر بہیمانہ تشدد کیا جس کی ویڈیو موصول ہوتے ہی صوبائی وزیر نے ایس پی صدر ڈویژن کو بذریعہ ٹیلی فون فوری ایف آئی آر کا اندراج کرکے ملزم کو گرفتا ر کرنے کی ہدایت کی ۔

اس مو قع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نا بالغ بچے کو زبردستی کام کروانا اور پھر تشددکا نشانہ بنانا بلا شبہ سنگین ترین جرائم میں شامل ہوتا ہے اسلئے کسی کو بھی اس طرح بچوں پر تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

(جاری ہے)

پا کپتن میں ہو نے والے ایک اور واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ صوبہ بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔

تفصیل کے مطابق پاکپتن میں رشتہ اور جائیداد کے تنازع پر چچا نے پنی بھتیجی کو گرم لوہے سے جلادیا جس پر متاثرہ لڑکی کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال عارف والہ میں داخل کرادیا گیا۔صوبائی وزیر نے ڈی پی او پاکپتن نجیب الرحمان کو ہدایات جاری کیں کہ فوری طور پر ملزم کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور لڑکی کو تما م تر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں انسانی حقوق بالخصوص بچوں اور خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنا یا جا رہا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں