وزیر اعظم عمران خان ملک سے کرپشن کے بیج کو نا پید کرنے کیلئے پر عزم ہیں ، ہمایوں اختر خان

منگل 29 ستمبر 2020 12:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک سے ہر طرح کی کرپشن کے بیج کو نا پید کرنے کیلئے پر عزم ہیں ،خدارا اپوزیشن اپنی بقاء کیلئے قومی اداروں کو سیاست میں نہ گھسیٹے ،عوام نے حکومت کو پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں حلقہ این اے 131اور وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو حکومت کے زیراثر نہیں بلکہ خود مختار ادارہ ہے لیکن اپوزیشن بے بنیاد پراپیگنڈے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنا چاہتی ہے جس میں اسے ناکامی ہی ملی ہے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح کسی کی ضمانت لینے یا مسترد کرنے کا اختیار بھی فاضل عدالتوں کے پاس ہے لیکن مسلم لیگ(ن) کی طرف سے جس طرح کی باتیں کی جارہی ہیں اس پر پوری قوم حیران ہے ۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے لیکن عوام کے جان و مال اور سرکاری تنصیبات کا تحفظ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے جسے پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح فیصلہ ہے کہ ہم نے ملک سے ہر طرح کی کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے اور اس کیلئے اس کے بیج کو نا پید کیا جائے گا ، اس کی راہ میں مزاحمت کرنے والوں کو آئین وقانون کے شکنجے میں لیا جائے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں