تعلیمی اداروں کے گردو نواح میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون

رواں سال تعلیمی اداروں کے اطراف سے 164منشیات فروش گرفتار ، 159مقدمات درج

پیر 19 اکتوبر 2020 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2020ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لا رہے ہیں۔نوجوانوں کو نشہ کی لعنت کا شکار کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔معاشرے کے ہر فرد کو نئی نسل کو نشہ کے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لئے کردار ادا کرنا ہو گا۔

نئی نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنا لاہور پولیس سمیت ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔والدین،اساتذہ،تعلیمی اداروں کی انتظامیہ طلبا و طالبات کے بدلتے رویوں پر کڑی نظر رکھیں۔ اشفاق خان نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ لاہور پولیس نے رواں سال کے دوران تعلیمی اداروں کے گردو نواح میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 164ملزمان کو گرفتار کرکے شہر کے مختلف تھانوں میں 159 مقدمات درج کئے گئے ۔

(جاری ہے)

ملزمان کے قبضہ سے 99کلوگرام سے زائد چرس ،442گرام آئس ،02کلو770گرام ہیروئن،07کلو گرام سے زائد افیون اور01ہزار84 لٹرشراب برآمدکی گئیں۔اشفاق خا ن نے ڈویژنل ایس پیز ،ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو تعلیمی اداروں کے گرد ونواح میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس منشیات فروشوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ منشیات فروشوں کے قلع قمع میں لاہور پولیس کا ساتھ دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں