ٰنیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں شمولیت کے لئے بلڈرز کو بھرپور ریلیف فراہم کررہے ہیں:محمودالرشید

ہاؤسنگ سے متعلق پالیسیاں سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کی گئی ہیں: اجلاس سے خطاب

پیر 19 اکتوبر 2020 23:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2020ء) صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید کی زیر صدارت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا)کا اجلاس منعقد ہوا جس میںسیکرٹری ہاؤسنگ ندیم محبوب،سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ لیاقت علی چٹھہ،ڈی جی پھاٹا محمد آصف،جنرل سیکرٹری ہاؤسنگ ٹاسک فورس عاطف ایوب اور دیگر بورڈ ممبران شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈی جی پھاٹا نے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی جبکہ مختلف اضلاع میں پھاٹا کے زیر انتظام ترقیاتی سکیموں کی منظوری کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ میاں محمود الرشید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پھاٹا میں ڈویلپرز اور بلڈرز کی رہائشی سکیموں کی منظوری کا عمل ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے اور نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں شمولیت کے لئے بلڈرز اور ڈویلپرز کو بھرپور ریلیف فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران کے ویژن کے مطابق صوبہ پنجاب میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ پر پیش رفت جاری ہے جبکہ ہاؤسنگ سے متعلق پالیسیاں سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کی گئی ہیں۔ اجلاس میں پھاٹا کی استعداد کار میں اضافے سے متعلق بھی تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں