برٹش ہائی کمیشن کی ہیڈ آف کمیونیکیشن اینڈ پبلک ڈپلومیسی فوزیہ یونس کی لاہور پریس کلب آمد

برٹس ہائی کمیشن کی جانب سے صحافیوں کیلئے چیوننگ سکالر شپس کا اعلان صحافیوں کو سکالر شپ دینے کیلئے برٹش ہائی کمیشن کے انتہائی مشکور ہیں : ارشد انصاری

پیر 19 اکتوبر 2020 23:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2020ء) لاہور پریس کلب کے تعاون سے صحافیوں کیلئے چیوننگ سکالر شپ کے اعلان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بر ٹش ہائی کمیشن میں تعینات ڈائریکٹر کمیونیکیشن اینڈ پبلک ڈپلومیسی فوزیہ یونس نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے ، برطانیہ پاکستان سے تعلقات میں حتی الامکان حد تک وسعت پیدا کرنا چاہتا ہے۔

بر ٹش ہائی کمیشن کے چیوننگ پروگرام کی سربراہ شہلا قیوم کاکہناتھاکہ برطانیہ ہر سال پاکستان کے ذہین اور قابل افراد کو سکالر شپ کا موقع فراہم کرتا ہے ،اس سال بھی پاکستان سے افراد برطانیہ میں ایک سال کیلئے سکالر شپ حاصل کرینگے جس میں صحافی بھی شامل ہیںاور پاکستان کے لئے سکالر شپس کا کوٹہ ترجیحی بنیادوں پر ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان سے سینکڑوں سکالرز چیوننگ پروگرام کے تحت برطانیہ کی بہترین یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر چکے ہیں ہم اس کو مزیدبڑھانے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے شکالر شپ حاصل کرنے کیلئے معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا سکالر شپ حاصل کرنے کیلئے دو سال کا صحافت میں تجربہ ہونا لازمی ہے اور اس میں دو سینئر صحافیوں کا ریفرنس بھی شامل ہونا چاہیے ،اپنی درخواست میں ایسی سٹوری اور کارنامے کا ذکر لازمی کریں جو آپ نے سرانجام دیا ہو اس سے درخواست پڑھنے والا متاثر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ صحافی اس پروگرام میں شرکت کے لئے نہایت موزوں ہیں اور درخواست فارم کو پر کرنے پر خاص توجہ دیناچاہئے۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پریس کلب نے ہمیشہ صحافیوں کی کیپسٹی بلڈنگ اورملکی وبین الاقوامی حالات کا جائزہ لینے کے لئے پروگرامز ترتیب دیئے ہیں جس سے انھیں صحافتی ذمہ داریاںادا کرنے میں بہت مدد ملتی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ہم برٹش ہائی کمیشن کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے صحافیوں کو سکالر شپ دینے کیلئے پروگرامز ترتیب دیے ہیں۔تقریب کے اختتام پر پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور نائب صدر قذافی بٹ نے معزز مہمانان کو کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈز پیش کیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں