حکومت عوامی ردعمل سے حواس باختہ ہوگئی، لیاقت بلوچ

ملک میںبڑھتی ہوئی مہنگائی ،بے روز گاری اور لاقانونیت نے حکومت کے ہوش اڑادیئے ہیں،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان

جمعرات 22 اکتوبر 2020 21:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت عوامی ردعمل سے حواس باختہ ہوگئی ہے ،ملک میںبڑھتی ہوئی مہنگائی ،بے روز گاری اور لاقانونیت نے حکومت کے ہوش اڑادیئے ہیں۔پورے ملک میں کلرک ،اساتذہ ،طلباء ،ینگ ڈاکٹر ز اور پیرامیڈیکل سٹاف سراپا احتجاج ہے ۔

پنشنرز کا کوئی پرسان حال نہیں ۔سود کر پشن اور قرضوں کی معیشت کا نظام تباہی لائے گا۔سود کا خاتمہ اور اسلامی معاشی نظام ملک و ملت کی عزت و وقار کو بحال کرسکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی و عوامی چارٹر کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی کے عوام بجلی پانی صفائی اور بے روزگاری پر مسلسل احتجاج کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ریلیف کے بڑے پیکیج کا اعلان کیا لیکن ہر اعلان کی طرح عمران خان اس اعلان پر بھی یوٹرن لے چکے ہیں۔کراچی میں پولیس اور حساس اداروں کے درمیان ایک واقعہ پر بحران بڑا المناک ہے ۔صوبائی خود مختاری کے خلاف چھیڑ چھاڑ بڑی خرابیوں کا باعث بن سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی کی سب پابندی کریں تو اس طرح کے واقعات کوروکا جاسکتا ہے ۔

کراچی واقعہ پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جائے۔اس پر کھلی بحث اور پارلیمانی فیکٹس فائنڈنگ کمیشن بنایا جائے جو تلاش کرے کہ سیاست ،انتطامی ،صوبوں کے حقوق میں ریاستی قوتوں کی مداخلت سے کیا تباہی آرہی ہے اور اس کا سدباب کیسے کیا جاسکتاہے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی،اسلامی پاکستان ، خوشحال پاکستان کی تحریک کا آغاز یکم نومبر سے کررہی ہے ۔

فوجی آمریتوں نے نااہل اوراقتدار کے شوقین خاندانوں اور دھڑوں نے عوام کا کچومر نکال دیا ہے ۔جماعت اسلامی غریب ،مظلوم اور پسے ہوئے طبقوں کو منظم اور متحرک کرے گی۔ہماری جدوجہد ذاتی مفادات کیلئے نہیں۔قومی سلامتی کی حفاظت ،مسئلہ کشمیر اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ہے ۔انہوں نے کہا کہ بااختیار بلدیاتی نظام ،شفاف غیرجانبدارانہ انتخابات ہی موجودہ مسائل کا حل ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں