ننکانہ صاحب ،عوام کے لئے سستے بازاروں کی تعداد 3سے بڑھا کر 6کردی گئی

جمعرات 22 اکتوبر 2020 21:44

ننکانہ صاحب /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پرضلع ننکانہ صاحب میں تین سستے سہولت بازار قائم کیے گئے تھے جبکہ عوام الناس کی سہولت کے لئے سستے بازاروں کی تعداد کو 3سے بڑھا کر 6کردی گئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر میں قائم کیے گئے سستے سہولت بازاروں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ مذکورہ سہولت بازار غلہ منڈی ننکانہ صاحب،ریلوے روڑ سانگلہ ہل ، کلاک ٹاور شاہ کوٹ، بچیکی ،موڑکھنڈا اور منڈی واربرٹن میں قائم کیے گئے ہیں،سستے سہولت بازاروں میں آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں، پھل ودیگراشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر دستیاب ہیں، سبزیوں، پھلوں اور دالوں ودیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ ) رانا امجد علی اور اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ صباء سحر نے غلہ منڈی ننکانہ سٹی اور شاہکوٹ میں قائم کردہ سستے سہولت بازاروں میں اشیائے خورونوش کے سٹالوں کا جائزہ لیا اور سہولت بازاروں میںاشیائے ضروریہ کی دستیابی کا جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

سہولت بازار کا دورہ کرتے ہوئے اے ڈی سی فنانس رانا امجد علی نے کہاسہولت بازاروں میں لگائے گئے اشیائے خورونوش کے سٹالوں کے حوالے سے کسی کو بھی کوئی شکایت ہوتو وہ فوراً شکایات سیل پررابطہ کرے،مارکیٹ کمیٹی کا عملہ سستے سہولت بازاروں میں عوام کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے ہمہ وقت موجود ہے ۔اے ڈی سی رانا امجد علی نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ،مارکیٹ کمیٹی ودیگر متعلقہ محکمہ جات کا عملہ سہولت بازاروں میں اپنی حاضری کو سو فیصد یقینی بنائیں تاکہ عوام الناس کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آٹا،چینی،سبزیوں، پھلوں، دالوںودیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ، اشیائے خورونوش کے مقررہ سرکاری نرخوں سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں