سہولت بازار حکومت کا نہایت احسن اقدام ہے، اس کے ثمرات شریوں تک پہنچائیں گے‘ذوالفقار گھمن

عام مارکیٹ میں بیٹھے ناجائز منافع خوروں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو کسی قیمت پر شہریوں کو لوٹنے کی اجازت نہیں دینگے ‘کمشنر لاہور ڈویژن

جمعرات 22 اکتوبر 2020 23:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2020ء) کمشنر لاہور ڈویژن ذوالفقار گھمن نے کہا ہے کہ سہولت بازار حکومت کا نہایت احسن اقدام ہے، اس کے ثمرات شریوں تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عام مارکیٹ میں بیٹھے ناجائز منافع خوروں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو کسی قیمت پر شہریوں کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے سہولت بازار کے ایک ایک سٹال کو چیک کرتے ہوئے سبزیوں، پھلوں، آٹا، چینی کی دستیابی اور معیار کو چیک کیا۔

کمشنر لاہور نے اشیائے خورونوش کے معیار اور وافر دستیابی پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے 31 جبکہ لاہور ڈویژن کے 44 سہولت بازار شہریوں کیلئے بہت بڑا ریلیف ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل بھی کی کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا میرے استفسار پر شہریوں نے سہولت بازار میں اشیاء کی کم قیمتوں اور معیار پر انتہائی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

کمشنر لاہور نے سہولت بازار میں موجود عام خریدار مرد و خواتین سے بات کر کے ضلعی انتظامیہ کے انتظامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شادمان سہولت بازار کو مزید توسیع دینے کی تجویز زیر غور ہے جو کہ قابل عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہولت بازاروں کا آج چوتھا دن ہے، شہری بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ کرونا ایس او پیز پر مزید سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

حکومت پنجاب کی ہدایت پر قائم تمام سہولت بازاروں میں 20 کلو آٹا اور 10 کلو آٹا بالترتیب 840 اور 240 روپے میں وافر دستیاب ہے جبکہ چینی 85 روپے فی کلو فراہم کی جارہی ہے۔ بہترین معیار کے پھل اور سبزیاں عام بازار سے بہت کم قیمت پر دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامی مشینری حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کراتے ہوئے مصنوعی قلت اور مہنگائی کرنیوالوں کے خلاف قانونی شکنجہ کس رہی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر ناجائز منافع خوروں کو جرمانے اور اندراج مقدمات کرائے جا رہے ہیں۔ کمشنر لاہور ڈویژن ذوالفقار گھمن نے آج شادمان سہولت بازار کے دورے کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ کمشنر آفس، ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران اور مارکیٹ کمیٹی انتظامیہ بھی ہمراہ تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں