کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر یوم سیاہ اور فرانس میں توہین آمیز خاکوں پر مسلم لیگ کی احتجاجی ریلی

کشمیر میں بھارتی درندوں کا غاصبانہ قبضہ ، وحشیانہ تشدد اور درندگی پر پاکستان کا بچہ بچہ یوم سیاہ منا رہا ہے،کامل علی آغا اسرائیل اور بھارت نواز فرانسیسی حکومت کی طرف سے توہین آمیز خاکوں کے خلاف عالم اسلام فرانسیسی اشیاء کا بائیکاٹ کرے پشاور میں دہشت گردی کی مذمت، کشمیر یوں پر ظلم و ستم کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے ،میاں منیر، خدیجہ فاروقی، آمنہ الفت

منگل 27 اکتوبر 2020 23:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) مسلم لیگ ہائوس میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ اورفرانس میں توہین آمیز خاکوں اور فرانسیسی صدر کی ان کی حمایت میں بیان کے خلاف پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹر ی سینٹیر کامل علی آغا کی قیادت میںاحتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے سینئر نائب صدر میاں محمد منیر، مسلم لیگ کی رکن اسمبلی و صوبائی صدر شعبہ خواتین خدیجہ عمر فاروقی صدر لاہور خواتین ونگ آمنہ الفت،تاجر ونگ کے صدر شیخ عمر حیات ،سابق رکن اسمبلی کنول نسیم ملک اقبال عابد کھیتران،ساجد کھیتران،حافظ خالد،جاوید گورائیہ ایڈوکیٹ، ملک اکرم،ارشاد ڈوگر، امجد چوہدری ،عامر باجوہ ،صفیہ اسحاق ،سعدیہ و دیگر عہدیداران و کارکنان نے بھر پور شرکت کی۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منارہا ہے ایک طرف کشمیر میں بھارتی درندوں کا غاصبانہ قبضہ اور کشمیریوں پر وحشیانہ تشدد اور درندگی تو دوسری طرف مغربی دنیا میں ناموس رسالت کے متعلق درندہ صفت لوگوں نے خاکے بنانے شروع کردیئے اور ا س کی سرپرستی اسرائیل اور بھارت نواز فرانسیسی حکومت کررہی ہے جس کی پورا عالم اسلام مذمت کرتا ہے اور پورا عالم اسلام کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلوانے اور ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرے اور بھارت اور فرانسیسی اشیاء کا مکمل بائیکاٹ کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائے انہوں نے پشاور میں مدرسہ کے بچوں پر وحشیانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے نشان عبرت بنایا جائے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد منیر سابق ایم این اے نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں پر ظلم و ستم کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائے اور بھارت پر پابندیاں عائید کروائے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی صدر مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی ظلم وستم اور بربریت کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی آوا ز ہر سطح پر بلند کرتے رہیں گے، انہوںنے کہا کہ ناموس رسالت پر کوئی کمپرومائز نہیں کرینگے۔

پاکستان سمیت عالم اسلام فرانسیسی اشیاء کا بائیکاٹ کرے انہوںنے کہا کہ فرانس میں توہین آمیز خاکوں کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی گئی ہے ہم اس طرح کے اقدامات برداشت نہیں کرینگے۔آمنہ الفت صدر خواتین لاہور نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی نے فرانس میں توہین آمیز خاکوں کا منہ توڑ جواب دیا ہے یہ تمام مسلم لیگیوں کی مشترکہ آواز ہے ہم فرانس پر لعنت بھیجتے ہیں ناموس اور حرمت رسول پر کٹ مرینگے اور اس پر ہر سطح پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں