سانحہ حفیظ سینٹر کے متاثرین کی داد رسی کے لیے پنجاب حکومت نے حفیظ سینٹر متاثرین بحالی پروگرام کے تحت ریلیف پیکج تیار کرلیا

آتشزدگی کی زد میں آنے والی دکانوں کے مالکان کو آسان شرائط پر قرض ملے گا، آئی ٹی ٹاور کی 135 دکانوں کی بھی پیشکش کردی گئی

منگل 27 اکتوبر 2020 23:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) سانحہ حفیظ سینٹر کے متاثرین کی داد رسی کے لیے پنجاب حکومت نے حفیظ سینٹر متاثرین بحالی پروگرام کے تحت ریلیف پیکج تیار کرلیا، آتشزدگی کی زد میں آنے والی دکانوں کے مالکان کو آسان شرائط پر قرض ملے گا، پنجاب حکومت نے متاثرین کو بینک آف پنجاب سے 2 ارب تک کے آسان شرائط قرضے دلانے کا ورکنگ پیپر تیار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب کی منظوری اور اعلان کے بعد عمل درآمد ہوگا۔ حفیظ سینٹر متاثرین بحالی پروگرام کے تحت نقصان کے ازالے کا تخمینہ 2 ارب تک لگایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت متاثرین کو بینک آف پنجاب سے فنانسنگ کرانے کی سہولت فراہم کرے، دکان کے بدلے دکان بھی دی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

متاثرین کو وزیر اعلی پنجاب روز گار اسکیم کے تحت 4سے 5 فیصد مارک اپ پر سافٹ لون دیاجائے گا، سوفٹ لون کا 8 فیصد حکومت پنجاب سبسڈی کے طور پر برداشت کرے گی۔

ذرائع نے کنفرم کیاکہ حفیظ سینٹر سے ملحقہ آئی ٹی ٹاور کی 135 دکانوں کی نشاندہی کرکے متاثرین کو پیشکش کردی گئی ہے۔ متاثرین چاہیں تو فوری طور پر دکان کے بدلے دکان حاصل کرسکتے ہیں آسان شرائط پر فراہم کیے گئے قرضہ مدت پانچ سے آٹھ سال تک ہوگی۔حفیظ سینٹر کی متاثرہ دکانیں بھی اصل مالکان کی ملکیت ہی رہیں گی، حفیظ سینٹر ریلیف پیکج پر حفیظ سینٹر کے دونوں گروپس کو آن بورڈ لیا جاچکا ہے ،آتشزدگی سے خاکستر ہونیوالے سامان کی خریداری کیلئے بھی متاثرین کومائیکروفنانس کی سہولت دی جائے گی۔ پیکج کا اعلان وزیر اعظم عمران خان یا وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار جلد کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں