وزیراعلیٰ کی ہدایات پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں‘ محمودالرشید

سہولت بازاروں کے ذریعے عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کیا جارہاہے،اپوزیشن پاکستان کے دشمنوں کی زبان بول رہی ہے

جمعرات 29 اکتوبر 2020 22:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر میں عوام کی سہولت اور ریلیف فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔عوام کو معیاری اشیائے خورونوش کی سستے داموں فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے سہولت بازاروں کے ذریعہ عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کیا جارہاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کی جانب سے شاہین آباد اور گکھڑ میں لگائے جانے والے سہولت بازاروں کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف‘ اے ڈی سی آر علی اکبر بھنڈر‘ اے سی سٹی کامران حسین کے علاوہ دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے کہا کہ آٹے کی کوالٹی پر خصوصی توجہ دی جائے عوام کو بہترین معیار کا آٹا فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پرائس میجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر فلور ملز کو چیک کریں اور چیئرمین مارکیٹ کمیٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر سبزی منڈیوں کے وزٹ کریں اور پھل وسبزیوں کی نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کریں اور چینی اور آٹاکی قیمتوں اور معیار پر خصوصی فوکس کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کے خاتمہ کیلئے مربوط مانیٹرنگ کا میکینزم وضع کیا جائے تاکہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

صوبائی وزیر نے دورہ کے دوران اشیاء کے معیار‘ پرائس لسٹ اور اشیائے خورونوش کی دستیابی کا جائزہ لیا اور انتطامیہ کو ہدایت کی کہ اشیا کی کوالٹی اور قیمتوں پر ہرگز سمجھوتہ نہ کیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔دریں اثناء وزیر ہاؤسنگ نے ڈسٹرکٹ سنٹرل جیل گوجرانوالہ کا دورہ کیا اور جیل کے ہسپتال‘ کچن‘ خواتین کی مختلف بیرکو ں کا معائنہ کیا۔

انہوں نے جیل میں عید میلادالنبی ؐ کے سلسلہ میں کئے جانے والے خصوصی انتظامات کو سراہا۔ جیل کے دورہ کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ اس وقت اپوزیشن گندا کھیل کھیل رہی ہے۔ پاکستان کے دشمنوں کی زبان بول رہی ہے اورریاستی اداروں کی تضحیک کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہی جو قابل مذمت رویہ ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کبھی بھی پی ٹی وی حملہ کیس میں ملوث نہیں رہے اس وقت بھی ہم نے کہا تھا کہ عمران خان کی طرف سے کبھی بھی ان چیزوں کی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی۔ اپوزیشن کو عدالتی فیصلے ماننے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان واحد سیاستدان ہیں کہ جنہیں سپریم کورٹ نے امین قرار دیاہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں