صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کی تقسیم تعلیمی وظائف کی تقریب میں شرکت

جمعرات 26 نومبر 2020 19:13

لاہور۔26نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26نومبر2020ء) :صوبائی محکمہ انسانی حقوق واقلیتی امورکا یوتھ ڈیویلپمنٹ فاﺅنڈیشن اور یو این ڈی پی کے باہمی اشتراک سے سینٹ اینتھنی چرچ،لاہور میں مذہبی اقلیتوں میں تعلیمی وظائف کی تقسیم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے بحیثیت مہمان خصوصی جبکہ ایم پی اے ہارون عمران گل، پارلیمانی سیکرٹری انسانی حقوق سردار مہندر پال سنگھ،آرچ بشپ سبچئین شا،بشپ عرفان جمیل، سیکرٹری انسانی حقوق ندیم الرحمان اوریوتھ ڈیویلپمنٹ فاﺅنڈیشن کے سربراہ شاہد رحمت نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر انسانی حقوق محمد یوسف نے خطبہ استقبالیہ میں بتایا کہ لاہور ڈویزن کے 159ہونہار مذہبی اقلیتی طلباءمیں 42لاکھ روپے کے تعلیمی وظائف تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو تعلیم کے میدان میں درپیش مسائل کا حل ممکن کیا جائے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری انسانی حقوق ندیم الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے پلیٹ فارم سے میٹرک کے طالبعلم کو 15ہزار جبکہ پروفیشنل لیول کے طالبعلم کو 50ہزار سالانہ کی اسکالر شپ دیجارہی ہے تاہم خواہاں ہیں کہ نوجوان نسل ان پیسوں کا صحیح استعمال کرکے ملک پاکستان کی تعمیر وترقی میں کلیدی کردار ادا کرسکیں۔

صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے دوران خطاب کہاکہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں تمام مذہبی تہواروں کو سرکاری سطح پر منایا جا رہا ہے جو کہ باعث فخر ہے مگر سب سے بڑھ کر خوشی اس بات کی ہوتی ہے جب ہم اپنے مذہبی اقلیتوں کے نوجوانوں کو تعلیمی وظائف کی تقسیم کرتے ہیں جبکہ بد قسمتی سے تحریک انصاف کی حکومت سے قبل 70فیصد مذہبی اقلیتی کوٹے کی نوکریاں ضا ئع ہوجاتی تھیں کیونکہ ایچ ای سی تک مذہبی اقلیتوں کی رسائی ممکن نہیں تھی مگر جب سے تحریک انصاف کی حکومت برسر اقتدار آئی ہے، مذہبی اقلیتوں کے لئے بہت سے تاریخی اقدامات یقینی بنا ئے جا چکے ہیں جیسا کہ ہائر ایجوکیشن میں مذہبی اقلیتوں کے خصوصی کوٹہ مختص کیئے جانا،جس کی وجہ سے ہزاروں نوجوان اعلیٰ نوکریوں کا حصول ممکن ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ دو سالوں میں تین مرتبہ اسکالر شپ کی تقسیم ممکن بنائی جا چکی ہے جبکہ ماضی میں تعلیمی وظائف کی گرانٹ اڑھائی کروڑ تھی جسکو ابھی تک پانچ کروڑ کیا جا چکا ہے اور کوشش کر رہے ہیں کہ اس کو جلد از جلددس کروڑ تک لیجائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان نسل مستفید ہو سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں