پی آئی اے، ریڈیو پاکستان، اسٹیل مل سے ہزاروں افراد کی برطرفی معاشی قتل عام ہے ‘ جاوید قصوری

مزدوروں کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے اور نوبت فاقہ کشی تک پہنچ چکی ہے‘ امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب

ہفتہ 28 نومبر 2020 15:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پی آئی اے، ریڈیو پاکستان کے بعد اسٹیل مل سے ہزاروں ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرنا عوام کے معاشی قتل کے متراد ف ہے۔ اداروں میں جبری برطرفیوں کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہیے۔حکمران اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے اداروں کی نجکاری کرنا چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں مالیاتی خسارہ 484ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ ایک طرف مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے ۔ عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں۔ مزدوروں کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے اور نوبت فاقہ کشی تک پہنچ چکی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسری طرف رہی کسر حکومت نے روزگار چھین کر پوری کردی ہے۔

لوگوں کو اس حکومت نے مایوسی اور اندھیروں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی امور چلانے میں وزیر اعظم اور ان کی ٹیم بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ فرسودہ نظام نے اشرافیہ کو مضبوط کیا ہے۔ جبکہ غرباء کے لیے ہر جگہ رکاوٹیں ہی رکاوٹیں ہیں۔ کوئی بھی جائز کام بغیر رشوت کے ممکن نہیں۔ نیچے سے اوپر تک نرخ مقرر ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کے 22کاندانوں کے پاس 95فیصد دولت جمع ہوگئی ہے۔ پاکستان کے محنت کش، غریب اور مفلس عوام بنیادی حقوق سے محروم ہوگئے اور ان کی زندگی تلخ ہوگئی ہے۔ موجودہ حکمران مکمل طور پرناکام ہوچکے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان سے نجات حاصل کی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں