پنجابیو تے لاہوریو،جب تک پنجابی اور لاہوری نہیں جاگیں گے لوگوں کو حقوق نہیں ملیں گے‘مسلم لیگ (ن)

پورا پاکستان لاہور کے جلسہ کو دیکھ رہا ہے، صوبے دیکھ رہے ہیں کہ ہمارا بڑا بھائی کب اٹھے گا‘ خواجہ سعد رفیق جوش و جذبے سے لگتا ہے عوام نے سلیکٹڈ نیازی سے جان چھڑانے کا فیصلہ کر لیا ہے‘ایاز صادق،عطا اللہ تارڑ و دیگر کا خطاب

جمعہ 4 دسمبر 2020 23:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں72 سال سے عجیب کھیل جاری ہے، لوگ ووٹ دیتے ہیں لیکن اس ووٹ کو عزت نہیں دی جاتی ،انگریز چلا گیا لیکن اپنی باقیات اور سوچ چھوڑ گیا،ملک آزاد تو ہو گیا لیکن لوگوں کو حقیقی آزادی نہ مل سکی،تیرہ دسمبر کو لاکھوں کی تعداد میں لوگ مینار پاکستان جلسہ میں آئیں گے ،پورا پاکستان لاہور کے جلسہ کو دیکھ رہا ہے، صوبے دیکھ رہے ہیں کہ ہمارا بڑا بھائی کب اٹھے گا،حکومت کی بوکھلاہٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ لاہور کا جلسہ کامیاب ہوگا،پی ڈی ایم کے پاس لانگ مارچ اور استعفوں کا آپشن کھلا ہے ۔

ان خیالات کااظہار مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے شیرا کوٹ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق،سردارایاز صادق،عطاء تارڑ ،جاوید لطیف ، رانا مشہود احمد ، مہر اشتیاق سمیت دیگرنے بھی خطاب کیا ۔ خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ سیاست کا مقصد لوگوں میں آسانیاں لانا ہوتا ہے لیکن آج پی ٹی آئی نے سیاست سے بھی کھلواڑ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ لوگ مہر اشتیاق کو ووٹ دیتے ہیں صبح جیت کوئی اور جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی دو وقت کی روٹی اور ضرورت کی کچھ چیزیں ہی چاہتا ہے لیکن موجودہ حکومت کو عوام کے مسائل اور ضروریات سے کوئی سروکار نہیں ، ہم نے تمام مسائل کے باوجود لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کئے ، موٹر ویز کا جال بچھا یا۔شہباز شریف کو صوبے کی عوام کی خدمت کا یہ صلہ دیا گیا کہ ان کو جیل میں ڈال دیا گیا،ہم کئی فرعون دیکھ چکے ہیں اب عمران نیازی کو مسلط کر دیا گیا ۔

ا نہوں نے کہا کہ ملکی بہتری کے لئے ہم نے دھاندلی زدہ انتخابات کو بھی تسلیم کیا لیکن نا اہل اور نالائق حکومت ملک اور عوام کو کچھ ڈیلیور نہیں کرسکی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیٹ، موبائل اور جدید ٹیکنالوجی نواز شریف ہی لے کر آیا،پرویز مشرف اگر ملک پر قبضہ نہ کرتا تو کراچی سے پشاور تک موٹر وے 2002 میں ہی بنا دیتے ۔ا نہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوامپر مہنگائی بم گرایا دیاہے ،بچے کچھے پاکستان کو بچانے کا وقت آن پہنچا ہے ،ہمیں کورونا میں جلسے کرنے کاشوق نہیں ، ہم اس لئے باہر ہیں کہ ملکی معیشت تباہ ہو گئی ہے ،اس ملک کا نوجوان بے روزگار ہو گیا ہے ، عمران خان صاحب استعفیٰ دے دیں، اگر آپ دودھ کے دھلے اور ہم چور ہیں تو ڈر کس بات کاہے ، آپ پھر اقتدار میں ہوں گے۔

تیرہ دسمبر کو لاکھوں کی تعداد میں لوگ مینار پاکستان جلسہ میں آئیں گے ،پورا پاکستان لاہور کے جلسہ کو دیکھ رہا ہے، صوبے دیکھ رہے ہیں کہ ہمارا بڑا بھائی کب اٹھے گا۔انہوںنے کہا کہ 13 دسمبر کا جلسہ ضرور ہوگا۔یہ جلسہ حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی روادی داری ہمارے معاشرے کا خاصا ہے،عمران خان نے سیاسی رواداری کا جنازہ نکال دیا ہے۔

انہوںنے حکومت کے خلاف لانگ مرچ کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ،اسمبلیوں سے استعفے سمیت دیگر آپشنز استعمال کر سکتے ہیں ،حکومت کی بوکھلاہٹ سے ثابت ہوگیا کہ لاہور کا جلسہ کامیاب ہوگا،حکومت گرفتاریوں سے باز نہیں آئے گی ،پی ڈی ایم کا مشن عوام کے مسائل کو حل کرنا ہے،کارکنان کی گرفتاریوں کا فیصلہ 13 دسمبر کے جلسے کی کامیابی کا اعلان ہیں۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی کارکردگی انتہائی ناقص ہے ، ملک کو دلدل کی طرف دھکیلا جارہا ہے، ہم سے کس بات کا انتقام لیا گیا ،کس بات کی کڑواہٹ ہے،جھوٹے الزام اور جھوٹے مقدمات میں آپ نے جیلیں بھردیں،ججز کو دھمکایا گیا، صحافی اغوا ہوئے، لوگوں کو اٹھایا گیا، یہ جمہوریت ہی آٹا، چینی، دالیں، گھی سب مہنگا،حکومت نے کیا کیا اب تک کہتے تھے نوکریاں دیں گے،بڑے بڑے جھوٹے دیکھے مگر اتنا بڑا جھوٹا نہیں دیکھا،پنجابیو تے لاہوریو، جب تک پنجابی اور لاہوری نہیں جاگیں گے لوگوں کو حقوق نہیں ملیں گے،سندھی، بلوچی اور خیبر پختونخوا کے لوگ یہ بات کرتے تھے مگر ہمیں سمجھ نہیں آتی تھی،اب انشااللہ ہم یہ علم اٹھائیں گے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ آپ کے جوش و جذبے ایسے لگتا ہے کہ عوام نے سلیکٹڈ نیازی سے جان چھڑانے کا فیصلہ کر لیا ہے ،آج بات سیاست کی نہیں پاکستان بچانے کی ہے،انتخابات میں دھاندلی کے باجود ہم دو سال خاموش رہے کہ ملک چلتا رہے،ہم نے ملک کے حالات بہتر کرنے کیلئے کوشش کی،آج حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں،ملک کو بچانے کیلئے پی ڈی ایم بنائی،آج ہر فرد مہنگائی سے تنگ ہے، کون ہے جو تنگ نہیں،پانچ سال میں نواز شریف نے مہنگائی کی سطح کم رکھی،آج ایسا کیا ہوا کہ ہر چیز مہنگی ہو گئی،ڈھائی سال میں عمران خان کا ایک مثبت کام بتا دیں،آج نواز شریف کے مثبت کام بتانے میں وقت کم پڑ جاتا ہے،عمران خان کو لایا گیا، یہی وجہ ہے کہ کام نہیں کر سکے،ہم سب ایک نکتے پر متفق ہیں کہ عوام کے ووٹ میں خیانت نہیں ہونی چاہیے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ عوام نے کویڈ 18 کو بھگانے کا فیصلہ کر لیا ہے،مجھے یقین ہے اہلیان لاہور 13 دسمبر کے جلسے میں بھرپور شرکت کریں گے،ہمارا تنازعہ اس سوچ سے ہے جو آئین توڑتے ہیں،ترقی تب ہی ممکن ہے جب آئین کا احترام کیا جائے گا،دنیا کا کوئی بھی ملک آئین کے احترام کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا،یہ ممکن نہیں کہ ذمہ داری میری ہو اور اختیارات کسی اور کے پاس ہوں،عمران خان کو لانے کا تجربہ اچھا نہیں رہا،آج لوگ کہتے ہیں ہمارا مینڈیٹ ہمیں واپس دیں،آج ملک کی بدحالی کی ذمہ داری عمران خان کو لانے والوں پر ہے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ 13 دسمبر کو لاہور کے مینار پاکستان میں جمہوریت کے متوالے اکٹھے ہوں گے،بھوک، افلاس اور غرب کے خلاف اکٹھے ہو کر اس حکومت کو ایک دھکا اور دیں گے،اس ملک میں الیکشن کے نام پر لوگوں سے فراڈ کیا گیا،نواز شریف کے ووٹ عمران خان کو دلوا کر جتوایا گیا،ہمیں کرپٹ اور چور ڈاکو بنایا گیا مگر اس کے باوجود ہماری جماعت کی پذیرائی کم نہ ہوئی،ہماری حکومت گرائی گئی، ٹانگیں کھینچی گئیں مگر ہم نے پھر بھی اورنج لائن، سڑکیں اور انرجی پراجیکٹس لگائے،ہم نے ایک ہاتھ سے الزامات کا دفاع کیا دوسرے ہاتھ سے پرفارم کرتے رہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں