کمشنر آفس اور لاہور چیمبر کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کرینگے

کمشنر لاہور ذوالفقار احمد گھمن سے صدر لاہور چیمبر میاں طارق مصباح اور دیگر عہدیداروں کی ملاقات میں فیصلہ

ہفتہ 5 دسمبر 2020 17:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2020ء) کمشنر آفس آف لاہور ڈویژن اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مل کر کاروباری برادری کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور جدید معیاری تقاضوں کے مطابق لاہور کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں گے۔یہ فیصلہ کمشنر لاہور ذوالفقار احمد گھمن اور صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری کے درمیان ہونے والی ایک ملاقات میں کیا گیا۔

، ایل ڈی اے، میونسپل کارپوریشن، ٹی ای پی اے اور واسا سمیت دیگر سرکاری محکموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔اس اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ لاہور چیمبر کے عہدیداران اور سرکاری محکموں کے نمائندے لاہور کی مارکیٹوں کے مشترکہ دورے کریں گے، جن کے دوران،ریسکیو 1122 کی ٹیم واٹر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کے لئے مختلف جگہوں کی نشاندہی کرے گی جبکہ واسا کی ٹیم ان ہائیڈرنٹس کو واٹر پائپوں سے منسلک کرے گی۔

(جاری ہے)

مزید یہ کہ لاہور چیمبر آف کامرس اور کمشنر آفس لاہور باہمی تعاون کے فروغ کو یقینی بنائیں گے اور آئندہ بھی باقاعدہ اجلاس منعقد کریں گے جس میں تمام متعلقہ سرکاری افسران لاہور کی ترقی میں رکاوٹ بننے والے مختلف امور کی صورتحال اور اس کے حل کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کریں گے۔اس موقع پر کمشنرلاہور نے لاہور چیمبر کے وفدلاہور کی ترقی کے لئے کئے جانے والے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔

لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر میاں طارق مصباح ، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے کہا کہ ان مارکیٹوں کی ترقی کا مطلب معیشت کی ترقی ہے کیونکہ بزنس کمیونٹی کی ایک بڑی تعدادانہی مارکیٹوں میں کاروبار کررہی ہے اور حکومت کے لئے ریوینیو کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ پلازوں کے دیرینہ مسئلے کو حکومت اور نجی شعبے کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے فوری حل کی ضرورت ہے، لاہور چیمبرنے پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے لئے لاہور میں پہلے ہی مقامات کی نشاندہی کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے مسائل پر سرکاری محکموں کی فوری توجہ کی ضرورت ہے کیونکہ وہ پارکنگ کے مسائل پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور کی بڑی مارکیٹوں میں سکیورٹی خدشات کو دور کرنے کیلئے حکومت اضافی سکیورٹی گارڈز تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر اقدامات اٹھائے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ مارکیٹوں میں لٹکی ہوئی بجلی کی تاریں لوگوں کے لئے بہت بڑا خطرہ ہیںاور کسی بھی سانحہ کا سبب بن سکتی ہیں، اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے مارکیٹ کے دوروں میں لیسکو عہدیداروں کو بھی ساتھ لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس کی پرانی عمارت جو تاریخی اہمیت کی حامل ہے، خستہ حالی کا شکار ہو گئی ہے اور سرکاری و نجی شعبے کی مشترکہ کوششوں سے اس کی تزئین و آرائش کی جا سکتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں