لاہور، جنرل ہسپتال میں فول پروف سکیورٹی کیلئے نجی کمپنی سے گارڈز کی خدمات حاصل کر لی گئیں

جمعہ 15 جنوری 2021 23:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2021ء) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے بتایا کہ نظم و نسق کی بہتری کیلئے لاہور جنرل ہسپتال و پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں سکیورٹی سسٹم فول پروف بنانے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے ہوئے نجی سکیورٹی کمپنی سے 100گارڈز کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں جو16جنوری بروز ہفتہ سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور ادارے کے تمام شعبوں اور داخلی وخارجی راستوں پر خدمات سر انجام دینگے۔

معاہدے کے مطابق سکیورٹی سروسز کمپنی میں 70ریٹائرڈ فوجی اور 30 تربیت یافتہ پرسونل شامل ہوں گے جبکہ سکیورٹی کمپنی ان گارڈز کویونیفارم و دیگر ضروری اشیاکے ساتھ ساتھ اسلحہ دینے کی بھی مکمل طور پر پابند ہو گی ۔

(جاری ہے)

پروفیسر الفرید ظفر نے ڈی ایم ایس سکیورٹی جنرل ہسپتال صبیح خان کو ہدایت کی کہ وہ سکیورٹی پر تعینات ہونے والے تمام گارڈز کے کوائف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھجوا کر ان کی مکمل تصدیق کروائیں اور روزانہ کی بنیاد پر انہیں ہسپتال کی ورکنگ کے بارے میں آگاہی دی جائے تاکہ وہ مریضوں اور سٹاف کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں کیونکہ ہسپتال اور دیگر اداروں کی سکیورٹی نسبتا مختلف ہوتی ہے ۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ تمام سکیورٹی گارڈز کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے گا اور اگرکوئی بھی گارڈ اپنی ڈیوٹی پوائنٹ سے غیر حاضر پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن بھی ہوگا ۔ پروفیسر ڈاکٹرالفرید ظفرنے کہا کہ ڈاکٹرز ، نرسز، مریض اور تیمار دار کو تحفظ فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل برئوئے کار لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیشہ وارانہ سکیورٹی کمپنی کو ہسپتال آنے والے افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ہسپتال میں پیش آنے والے کسی بھی نا گہانی صورتحال سے فی الفور نمٹا جا سکے ۔انہوں نے انچارج سکیورٹی سے کسی بھی صورتحال میں تحمل و بردباری کا مظاہرہ کرنے اور اس سے احسن انداز سے نمٹنے کی توقع کا اظہار کیا

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں