لاہور: اکبری منڈی کے تاجروں کا احتجاج ہفتے کے روز بھی جاری رہا

ہفتہ 16 جنوری 2021 20:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2021ء) اپنے مطالبات کی حمایت میں احتجاج کرنے والے اکبری منڈی کے تاجروں کے خلاف تھانہ اکبری گیٹ نے مقدمہ درج ہونے پر اکبری منڈی کے سینکڑوں تاجران سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے اکبری منڈی کے باہر پولیس کے خلاف ہفتے کے روز احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ اکبری منڈی کے جن تاجروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اسے واپس لیا جائے۔

(جاری ہے)

احتجاجی تاجران کا موقف تھا کے آئین پاکستان کی رو سے کسی بھی مسئلے پر احتجاج شہریوں کا بنیادی حق ہے لیکن پولیس نے پر احتجاجی تاجروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کا یہ آئینی حق چھیننے کی کوشش کی ہے۔ تاجروں کے مطابق آج کا جمہوری دور جمہوری نہیں بلکہ سول ڈکیٹیٹر کا جمہوری دور ہے جبکہ حکومت کا عوام کے ساتھ رویہ عدم برداشت کا ہے تاجروں کے مطابق ماضی میں قوم کو احتجاج درس دینے والے آج اپنا درس بھول گئے ہیں۔ واضح رہے کہ تھانہ اکبری گیٹ پولیس نے احتجاج کرنے کی پاداش میں عمر بٹ، جاوید بٹ، اشفاق بٹ اور فیاض چودھری نامی تاجر رہنمائوں کے ساتھ ساتھ متعدد تاجروں کے خلاف بھی احتجاج کرنے پر مقدمات درج کر رکھے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں