سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر سے تحریک انصاف لاہور کے رہنماؤں کی تعارفی ملاقات، لاہور کی امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

عوامی راہنماؤں اور نمائندوں کا سی سی پی او کو شہر میں امن کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا

ہفتہ 16 جنوری 2021 23:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2021ء) سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر سے پاکستان تحریک انصاف لاہور کے ر اہنماؤں نے تعارفی ملاقات کی۔پاکستان تحریک انصاف لاہور کے مختلف ٹاونز اور زونز سے پارٹی صدور،جنرل سیکرٹریز اور مقامی نمائندے وفد میں شامل تھے۔ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمدخان، ایس ایس پی انوسٹی گیشن عبدالغفار قیصرانی،ایس ایس پی آپریشنز احسن سیف اللہ،صدر شمالی لاہور تحریک انصاف غلام محی الدین دیوان،صدر جنوبی لاہور ملک ظہیر عباس،جنرل سیکرٹری تحریک انصاف لاہور مہر واجد عظیم،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عرفان حسن ایڈووکییٹ، ناصر سلیمان، علی امتیاز وڑائچ، جاوید ضمیر اور دیگر رہنمااس موقع پر موجود تھے۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے رہنماؤں سے رسمی گفتگو کی اور ان کے مسائل سنے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں شہر لاہور کی امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عوامی راہنماؤں اور نمائندوں نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کو شہر میں امن کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔عوامی نمائندوں نے نے با اثر قبضہ مافیا اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف جاری پولیس کارروائیوں پر اظہار تشکر کیا۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعلٰی پنجاب کے ویڑن کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور گینگسٹرز کے جڑ سے خاتمے کے لئے بھر پور صلاحیتوں اور وسائل کے ذریعے بہترین نتائج دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ خلق خدا کی خدمت میری اولین ترجیح ہے۔غلام محمود ڈوگر نے عزم کا اظہار کیا کہ میرے ہوتے کوئی بدمعاش دوبارہ سر نہیں اٹھائے گا،شہر سے گینگسٹرزکامکمل خاتمہ یقینی بنا رہے ہیں۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ قبضہ گروپ،امن دشمن عناصر اور جرائم پیشہ افراد کسی رعائت کے مستحق نہیں۔تھانہ جات کی سطح پر شہریوں کی شنوائی،دادرسی اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ سٹریٹ کرائم کے خاتمہ کیلئے موثر پٹرولنگ سسٹم اپنایا گیا ہے۔بچیوں سے بد اخلاقی کے واقعات کے ملزمان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور معیاری پولیس سروسز کو عوام و الناس کیلئے یقینی بنانا ہے۔سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ عوامی اعتماد کیلئے ان کی دادرسی اور فوری ریلیف یقینی بنایا جائے۔انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ جرائم کے خاتمے کیلئے سیاسی، سماجی سمیت زندگی کے ہر طبقہ ہائے فکر کے لوگوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں