اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں جاری صفائی آپریشن کاجائزہ لیا گیا

شہر کو کچرے سے پاک کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں لاہور پاکستان کادل، اسے عالمی معیار کے مطابق صاف ستھرا شہر بنائیں گے، صوبائی وزیر صنعت و تجارت

منگل 19 جنوری 2021 15:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2021ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہیڈآفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام جاری صفائی مہم پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ایم ڈی ایل ڈبلیوایم سی عمران علی نے صفائی مہم پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناکافی مشینری اور محدود وسائل کے ساتھ کچرے کا بیک لاگ اٹھا لیا گیا ہے اور روزانہ پیدا ہونے والا کچرا اٹھانے کے لئے ایل ڈبلیوایم سی کے 9ہزار سے زائد ورکرز فیلڈ میں متحرک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صفائی کا ایسانظام لائیں گے کہ حکومت پر بوجھ کم پڑے۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں اصلاحات کے ذریعے اسے بہتر ادارہ بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے، اسے عالمی معیار کے مطابق صاف ستھرا شہر بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمران شہر کی بجائے اپنی جیب سے مخلص تھے۔اس لئے ان سابق حکمرانوں نے صفائی کے نام پر قومی وسائل پر ہاتھ صاف کئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر شہر کو صاف ستھرا بنا نے کا بیڑا اٹھایا ہے۔شہر کو کوڑا کرکٹ سے پاک کرکے صاف ستھرا بنانے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور آئندہ چند روز میں لاھور صفائی کے لحاظ سے بدلہ ہوا شہر نظر آئے گا۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ جزا اور سزا کے موثر نظام سے صورتحال کو بہتر کیا جاسکتا ہے۔صفائی مہم میں اچھی کارکردگی پر حوصلہ افزائی جبکہ ناقص کارکردگی پر بازپرس ہوگی۔چیئرمین ایل ڈبلیوایم امجد علی نون، ایم ڈی، جی ایم آپریشنز اور دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں