کاروبار میں آسانی میںسرحد پار تجارتی انڈکس پر پاکستان کی رینکنگ میں 31 درجے بہتری

منگل 19 جنوری 2021 15:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2021ء) کاروبار کی آسانی یقینی بنانے کے اعتبار سے شاندار کارکردگی کی بدولت سرحد پار تجارتی انڈکس پر پاکستان کی رینکنگ میں 31 درجے بہتری آ گئی اور اب پاکستان 142 ویں سے 111 ویں پوزیشن پر آ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو سرحد پار تجارت کو آسان بنانے کے لئے تین اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔

اس سلسلے میں ویب بیسڈ ون کسٹمز الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے مختلف اداروں کو آپس میں ضم کر دیا گیا ہے، برآمدی/ درآمدی کلیئرنس کے لئے مطلوبہ دستاویزات کی تعداد کم کر دی گئی ہے اور پاکستان کسٹمز کے افسران اور عملہ کی استعداد بہتر بنائی گئی ہے تاکہ وہ بلا روک ٹوک سرحدی تجارت میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

سرحد پار تجارتی انڈکس میں بہتری سے پاکستان عالمی بینک کی ’’کاروبار کی آسانی 2020رینکنگ میں بھی 28 درجے بہتر ہو گیا ہے اور 136 ویں سے 108 ویں پوزیشن پر آ گیا ہے۔

اس طرح پاکستان کا شمار ان 10 سرفہرست ممالک میں ہوتا ہے جنہوں نے کاروبار کی آسانی کے اعتبار سے گزشتہ سال کی نسبت اس سال سب سے زیادہ بہتری دکھائی۔ اس کامیابی کی بدولت پاکستان اصلاحات متعارف کرانے والے ممالک کی عالمی فہرست میں چھٹے اور جنوبی ایشیا میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے جہاں ملکی اور بین الاقوامی تجارت کے لئے کاروبار کو پہلے سے کہیں زیادہ آسان بنا دیا گیا ہے۔

برآمدات سے متعلق کاغذی کارروائی کا وقت 55 گھنٹے سے کم ہو کر صرف 24 گھنٹے رہ گیا ہے جبکہ برآمدات سے متعلق قانونی تقاضے پورے کرنے کے لئے مطلوبہ وقت 75 گھنٹے سے کم ہو کر محض 24 گھنٹے تک آ گیا ہے۔ اسی طرح درآمدات سے متعلق کاغذی کارروائی پر لگنے والا وقت 143 گھنٹے سے کم ہو کر 24 گھنٹے رہ گیا ہے اور سرحد پر درآمدات سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کرنے میں اب 120 گھنٹوں کے بجائے 24 گھنٹے لگتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں