بجلی کی قیمت میں اضافہ مسترد کرتے ہیں واپس لیا جائے‘میاں ذکر اللہ مجاہد

عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے حکمران مزید مہنگائی کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں

جمعہ 22 جنوری 2021 17:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 1 روپے 95 پیسے کا اضافہ مسترد کرتے ہیں حکومت حوش کے ناخن لیں اور بجلی کی قیمت میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے۔عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے حکمران مزید مہنگائی کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی غربی لاہور کے علاقائی ذمہ دران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد،ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور مرزا عبدالرشید،امیر غربی لاہورعبد العزیز عابد، سیکرٹری غربی لاہور غلام حسین بلوچ او ر زونل امراء اور سیکرٹریز چوہدری عبدا لواحد، اکرم شاہین، اکرم مغل، نثار عابد، قاری یعقوب،اور رانا خلیل و دیگر شریک تھے۔

(جاری ہے)

میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور اب جاگ میرے لاہور مہم کے نتیجے میں حکمرانوں کی غفلت سے لاہور کی عوام کو آگاہ کررہی ہے اس جدوجہد کو شہر کے تمام علاقوں اور گلی محلوں میں جاری رکھا جائے گا اور احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔انہوں نے غربی لاہور میں بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے ذمہ داران اب جاگ میرے لاہور مہم میں کمپین کو مزید تیز کریں اور 29 کو ہونے والے احتجاجی مظاہرے کیلئے عوام کو منظم کریں۔

میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ عوام بے تحاشہ مہنگائی اور حکومتی عوام دشمن پالیسیوں سے تنگ آچکی ہے اور حکومت کی مزید تبدیلی کو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مہنگائی، بے روزگاری اور عوامی مسائل کے حل اور نظام کی حقیقی تبدیلی کیلئے اپنی جدوجہد کررہی ہے قوم ساتھ دے تو قرآن و سنت کے نظام سے ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں