ہمارے ساتھ جو وعدہ کیا گیا تھا ہر کام اس کے الٹ ہو رہا ہے، اقرباء پروری عروج پر ہے‘ ایم پی اے خواجہ دائود سلیمانی

پہلے بھی سمجھایا تھا اب بھی سمجھانے کی کوشش کروں گا اور بھی بہت سے دوستوں کی شکایات ہیں‘سپیکر چودھری پرویزالٰہی

منگل 26 جنوری 2021 17:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی خواجہ محمد دائود سلیمانی نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خواجہ دائود سلیمانی نے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ہمارے آٹھ ماہ قبل اختلافات پیدا ہوئے تھے جس پر آپ نے ہمارے درمیان صلح کروائی تھی اور آپ نے ہی گارنٹی دی تھی، جو ہمارے درمیان طے ہوا تھا سب کچھ اس کے الٹ ہو رہا ہے، اس وقت کرپشن اور اقربا پروری عروج پر ہے، ڈکیتی، چوری کی وارداتیں پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہیں کوئی پرسان حال نہیں ہے، ڈی جی خان کی ساری انتظامیہ کسی کی بات نہیں سنتی، وزیراعلیٰ کو اقتدار میں آئے ڈھائی سال گزر چکے ہیں لیکن ہمارا معاملہ حل نہیں ہوا، 15 سے 20 ایم پی اے وزیراعلیٰ سے اختلاف رکھتے ہیں جو ہمارے ساتھ ہیں، سپیکر ہونے کے ناطے آپ کا فرض ہے کہ ہماری داد رسی کریں۔

(جاری ہے)

خواجہ دائود سلیمانی نے کہا کہ میں چودھری پرویزالٰہی صاحب کے پاس داد رسی اور ہمارے اور وزیراعلیٰ کے درمیان جس معاہدے کی آپ نے گارنٹی دی تھی اس کی یاد دہانی کیلئے آیا ہوں، آج مجبور ہو کر آپ کے پاس آنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جو بھی معاملات طے ہوں گے چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ ہوں گے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے اس ساری صورتحال پر کہا کہ میں نے پہلے بھی سمجھایا تھا اب بھی سمجھانے کی کوشش کروں گا، اکیلے آپ ہی نہیں اور بھی بہت سے دوستوں کی شکایات ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں