ن لیگی قبضہ گروپوں کیخلاف کاروائیوںسے لندن تک چیخیں سنائی دے رہی ہیں،اعجاز چوہدری

شریف خاندان کو شرم سے ڈوب مرنا چاہئے کہ وہ قبضہ مافیا کی سرپرستی کرتے ہیں،صدرپی ٹی آئی سنٹر ل پنجاب

منگل 26 جنوری 2021 23:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2021ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ ن لیگ کی اے ٹی ایم مشینیں اور قبضہ گروپوں کے خلاف کاروائیوںسے لندن تک چیخیں سنائی دے رہی ہیں، شریف خاندان کو شرم سے ڈوب مرنا چاہئے کہ وہ قبضہ مافیا کی سرپرستی کرتے ہیں، کئی دہائیوں تک شریف خاندان اور ان کے حواریوں نے ملک میں لوٹ مار کی داستانیںرقم کی ہیں، انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے قبضہ مافیا پر پہلی بار ہاتھ ڈالا ہے اس سے پہلے کسی نام نہاد وزیراعظم کو ایساکرنے کی جرات پیدا نہیں ہوئی تھی، ان خیالات کا اظہاراعجازاحمدچوہدری اپنی رہائشگاہ پر سنٹرل پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری شیخ امتیاز سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہاکہ نے کہاکہ ''پریشان ڈرامہ موومنٹ ''کی تحریک بند گلی میں پھنس چکی ہے، منتخب حکومت کو گرانے کا خواب دیکھنے والے کرپٹ اور جھوٹے سیاسی بے روزگاروں کے پاس مایوسی، ناکامی اور شرمندگی کے سوا کچھ باقی نہیں بچا ہے، یہ تحریک عدم اعتماد کا شوق بھی پورا کرلیں ناکام ہونگے اور وزیراعظم عمرا ن خان 2023 ء تک پر اپنے عہدے پر ہی رہیں گے، این آر او کے متلاشی جو مرضی کرلیں انہیں قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی کا حساب دینا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان گھبرانے والے نہیں بلکہ مقابلہ کرنے والے لیڈر ہیں انہوں نے ان کرپٹ اور مک مکا کی سیاست کرنے والوں کے خلاف 22 سال طویل جدوجہد کرنے کے بعد کامیابی حاصل کی ہے، انہوں نے کہاکہ ساری اپوزیشن جماعتیں ملکر بھی حکومت کا بال بھی بیکا نہیں کرسکتیں، عوام نے تحریک انصاف کو پانچ سال حکومت کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی اور فسادی ٹولہ سڑکوں پر ہی ذلیل و رسوا ہو تا رہے گا

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں