نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کالاہور جنرل ہسپتال کی لیبارٹری کیلئے معیاری ہونے کا سرٹیفکیٹ

ہسپتال کی لیبارٹری کے معیاری نتائج ہم سب کیلئے حوصلہ افزاء،ٹیم ورک رنگ لایا‘پروفیسر الفرید ظفر

بدھ 27 جنوری 2021 16:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2021ء) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد نے لاہور جنرل ہسپتال کی لیبارٹری کے معیار کو بہترین قرار دیتے ہوئے "ایکسٹرنل کوالٹی ایسسمنٹ"کے لئے خون کے 10نمونوں کے نتائج کو 100فیصد درست قرار دے دیا اورادارے کے لئے تعریفی سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا ،جس میں اس بات کا اظہار اطمینان کیا گیا کہ جنرل ہسپتال کی لیبارٹر ی کے حساس ترین ٹیسٹوں کے نتائج عالمی معیار کے مطابق اور مکمل طور پر قابل اعتماد ہیں۔

خون کے ٹیسٹوں میں سارس،کووڈ 2، بی وائی آر ٹی ،پی سی آر شامل تھے جبکہ ادارے نے ملک بھر کے ہسپتالوں کا جائزہ لیا اور ایل جی ایچ کی لیبارٹری کے نتائج کو تہنیتی کلمات میں سراہا ۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے اس اعزاز پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال کی لیبارٹری کے معیاری نتائج ہم سب کے لئے حوصلہ افزا ہیں ، مشکل وقت میں ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے ہمیشہ فرنٹ لائن پر رہتے ہوئے خدمات سر انجام دیں۔انہوں نے اس اہم کامیابی پر ڈائریکٹر ریسرچ و لیب ڈاکٹر غزالہ روبی کو خصوصی شاباش دی ۔پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے بتایا کہ جنرل ہسپتال لیبارٹری میں کورونا کی32ہزار سے زائد مفت ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کورونا کی وبا کے دوران ہنگامی بنیادوں پر لیبارٹری نے دن رات کام کیا ۔

انہوں نے یقین دلایا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق آئندہ بھی بھرپور محنت کریں گے اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایات کے مطابق ادارے کو دن دگنی رات چوگنی ترقی کی طرف گامزن رکھا جائے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں