وزیر قانون کی 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منانے کیلئے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرزکو ہدایت

جمعرات 28 جنوری 2021 19:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) صوبائی وزیر قانون و چیئرمین کشمیر کمیٹی پنجاب راجہ بشارت نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایا جائے کیونکہ وزیراعلی سردارعثمان بزدار چاہتے ہیں کہ اس روز عالمی برادری کو پنجاب سے کشمیریوں کی حمایت میں مضبوط پیغام جائے۔

وہ آج سول سیکریٹریٹ میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے صوبہ بھرکے ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ ویڈیو اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی،ایم پی اے مہندرپال سنگھ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیرقانون نے کہا کہ 5 فروری کے لیے صوبائی اور ضلعی سطح پر متعدد پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سکولوں اور کالجوں میں کشمیر پر مباحثے اور مضمون نویسی کے مقابلے کروائے جائیں ۔ ریلوے اسٹیشنوں، لاری اڈوں،سڑکوں اور پبلک مقامات پر کشمیری اور پاکستانی پرچم اور نعروں پر مبنی بینر آویزاں کیے جائیں ۔تمام اسٹنٹ کمشنرصوبائی انتخابی حلقوں میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر کا اہتمام کریں۔ ہاکی اور فٹ بال کے میچ اوربھارتی مظالم پر دستاویزی فلموں کی نمائش کا اہتمام کیا جائے۔ الیکٹرانک،پرنٹ اورسوشل میڈیا پر کشمیری عوام کی حمایت میں بھرپور مہم چلائی جائے ۔ راجہ بشارت نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام سرگرمیوں میں سیکیورٹی اور کورونا ایس او پیز کی پابندی یقینی بنائی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں