ڈی سی لاہور مدثر ریاض کا سروسز ہسپتال کا دورہ ،انتظامات کا جائزہ لیا

جمعرات 28 جنوری 2021 19:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد عباس کاٹھیا اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا بھی ڈی سی لاہور کے ہمراہ تھے۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے ہسپتال میں ایمرجنسی، لیبر روم، میل اور فی میل وارڈ، ڈائیلسز سنٹر ، کورونا وارڈ ، ہیپاٹائٹس وارڈ کا دورہ کیا۔

ڈی سی لاہور نے او پی ڈی کا جائزہ لیا اور او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کے بارے میں پوچھا کہ اب تک کتنے مریض اوپی ڈی میں آچکے ہیں۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے مریضوں سے بات چیت کی اور انہیں بتایا گیا کہ ہسپتال میں 90 فیصد ادویات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈی سی لاہور نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا اور فارمیسی کو بھی چیک کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ادویات کی فراہمی کے متعلق پوچھا۔ انہوں نے مریضوں کو دی جانے والی ادویات کا جائزہ لیا کہ کہیں وہ زائد المیعاد تو نہیں۔ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا کو فارمیسی میں موجود ادویات کا آڈٹ کروانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹرز کو مریضوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مریضوں کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھ کر انہیں ٹریٹ کیا جائے۔

ڈی سی لاہور نے سختی سے کہا کہ ڈاکٹرز جو ادویات فارمیسی میں میسر ہیں، صرف وہی مریضوں کو لکھ کر دیں تاکہ انہیں باہر سے مہنگی ادویات نہ خریدنی پڑیں۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے ہسپتال انتظامیہ کو ہسپتال کے اندر صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر صفائی ستھرائی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد عباس کاٹھیا کو سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اور پرنسپل سیکرٹری ٹو سی ایم پنجاب کو ہسپتال کے اندر صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر نہ ہونے پر لیٹر لکھنے کی بھی ہدایت کی۔

ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر لاہور شہر میں ہسپتالوں کے دورے کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہسپتالوں کے دورے کرنے اور انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں