سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے بڑھتے ہوئے حملے تشویش ناک ہیں‘سینیٹر پروفیسر ساجد میر

حوثی باغی جان بوجھ کر سعودی عرب کی شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں جو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے

پیر 1 مارچ 2021 14:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2021ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے بڑھتے ہوئے حملے تشویش ناک ہیں،امریکی جریدے نیوز ویک کے مطابق ایران کی جانب سے حوثی باغیوں کو ڈرون فراہم کیے جارہے ہیں، ایران خطے میں امن دشمن عناصر کی سرپرستی چھوڑ دے۔اپنے ایک بیان میں پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ اس قسم کے حملے سعودی عرب اور خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

ہم حوثی دہشت گردوں کے سعودی عرب پر حملوں کی فوری بندش کا مطالبہ کرتے ہیں۔ سعودی عرب کی سکیورٹی اور علاقائی سالمیت کو کسی بھی قسم کے خطرے کی صورت میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سعودی عرب کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ بھی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کی سرحدی حدود کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ وہ جان بوجھ کرصورتحال خراب کرتے ہوئے سعودی عرب کی شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں جو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

عرب اتحاد اور اسکی اعلی قیادت حوثیوں کے حملوں کو مسلسل ناکام بنانے کی بھر پورصلاحیت رکھتی ہے۔ عالمی انسانی قوانین کے مطابق سعودی عرب اپنی سرحدوں اورشہری آبادی کو محفوظ بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات اور دفاع کا حق رکھتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں