لاہور ہائیکورٹ کا رمضان بازاروں اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر قطاریں ختم کرانے کا حکم

منگل 20 اپریل 2021 18:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2021ء) لاہور ہائیکورٹ نے رمضان بازاروں اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر فوری طور پرقطاریں ختم کرانے اور کل (بروز بدھ) عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے شوگر ملز کی ایک نوعیت کی الگ الگ درخواستوں پر سماعت کی جس میں سرکاری طور پر شوگر ملز سے 80 روپے کلو کے حساب سے چینی خریدنے کے احکامات کو چیلنج کیا گیا۔

فاضل عدالت نے استفسار کیا کہ پرچون کی دکان پر چینی کتنے روپے فی کلو مل رہی ہے جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ پرچون کی دکان پر 85 اور رمضان بازار میں 65 روہے کلو چینی فراہم کی جا رہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ چینی کی فراہمی اور قیمتوں پر عملدر آمد کروانے کا اختیار پنجاب حکومت کا ہے،آپ گیند ایک دوسرے کی کورٹ میں پھینک کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے،اس کیس میں مسئلہ ریگولیشن کا ہے، حکومت نے جتنی قیمت کہا عدالت نے وہ مقرر کر دی ،عام بازاروں میں مقررہ نرخوں پر چینی نہیں مل رہی ،حکومت پرچون کی سطح پر چینی کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پرچون کی سطح پر چینی فراہم کی جارہی ہے، رمضان بازاروں میں لوگوں کی لائنیں نہیں لگ رہی، لوگوں کو کرسیوں پر بٹھا کر چینی فراہم کی جارہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ کیوں نہ اس معاملے پر لوکل کمیشن مقرر کردیا جائے، اگر آپ کی بات غلط ثابت ہوئی تو توہین عدالت کی کاروائی کے لیے تیار رہیں۔ فاضل عدالت نے عوام کو چینی کی فراہمی یقینی بنا کر متعلقہ ذمہ داروں سے آج بدھ کورپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں