ارکان اسمبلی کی ہلڑ بازی ، تشدد اور انتہا پسندی نے قومی اسمبلی کے وجود کو داغ دار اور اس کامستقبل اپنے ہاتھوں سے تاریک بنادیاہے، لیاقت بلوچ

بدھ 16 جون 2021 23:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2021ء) نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ قومی اسمبلی میں ارکان اسمبلی کی ہلڑ بازی ، بد زبانی ، بد کلامی ، مارپیٹ ، تشدد اور انتہا پسندی نے قومی اسمبلی کے وجود کو داغ دار اور اس کامستقبل اپنے ہاتھوں سے تاریک بنادیاہے ۔ پی ٹی آئی کے دور اقتدار کے عہد بد کا یہ شرمناک اور بدترین داغ ہے ۔

قومی اسمبلی ، صوبائی اسمبلیاں قانون سازی ، پالیسی سازی ، عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہیں ۔ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں میں باہمی تصادم، بڑھتا اشتعال سیاسی جمہوری اور پارلیمانی نظام کو لپیٹ دینے کا جواز مہیا کر رہاہے ۔2018 ء کے انتخابی نتائج اپنے بد انجام کو پہنچ گئے ہیں ۔ قومی قیادت ہوش میں آئے ، اپنے مفادات کی آڑ اور تحفظ کے لیے بائیس کروڑ عوام کے لیے عذاب نہ بنے ۔

(جاری ہے)

بااختیار بلدیاتی نظام اور آئین کے مطابق قبل از وقت انتخابات ہی سیاست میں ٹھہرائو لائے گا ورگرنہ سیاسی انتشار کی شدت پورے ملک میں انارکی کا باعث بن جائے گی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ قومی اسمبلی میں سرکاری اور اپوزیشن ارکان نے بجٹ کتابیں جیسے ایک دوسرے کے منہ پر ماری ہیں ، پوری قوم نے عوام دشمن بجٹ حکومت کے منہ پر دے ماراہے ۔ قومی بجٹ جھوٹ اور فریب کا پلندہ ہے ۔

سیاسی انتخابی بجٹ عوام کو چیخنے پر مجبور کر رہاہے ۔ سود ، قرضے ، کرپشن ، بد انتظامی اور نااہلی سے ملک اقتصادی بحران سے نہیں نکل سکتا ۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ عذاب بنی ہوئی ہے اب پٹرولیم مصنوعات کا بحران عوام کے لیے جان لیوا پروانہ ہے ۔ عمران خان سرکار کی تیسری اقتصادی ٹیم بھی ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ 70 سالوں سے جاری ناکارہ اور بے کار نظام کے محافظ اب ملک نہیں چلاسکتے ۔

عوام کو بار بار دھوکہ دیا گیا ہے ۔ جماعت اسلامی نے 70 سالوں میں اصولوں ، عوامی خدمت ، امانت و دیانت اور اہل و بااعتماد ٹیم کی تیاری کے ساتھ ثابت کیاہے کہ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ پاکستان اسلامی اور خوشحال بنے گا۔ دنیا میں قومی وقار بلند ہوگا اور ملک و ملت کو بحرانوں سے نکالیں گے

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں