لاہور کے تاریخی ورثے کو آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ کرنے کی خاطرجامع لائحہ عمل تیا ر کررہے ہیں‘ایس ایم عمران

ماسٹر پلان2050ء کی تیاری کے لیے بین الاقوامی اور مقامی کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں‘ وائس چیئرمین ایل ڈی اے

جمعرات 24 جون 2021 23:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2021ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ لاہور کی ہسٹری بہت پرانی ہے ،پوری دنیا میں اس شہر کی ایک خاص پہچان ہے۔ ٹور ازم اور بزنس پوائنٹ کی روح سے بھی اس شہر کی بہت اہمیت ہے۔ہم لاہور کے تاریخی ورثے کو آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ کرنے کی خاطرجامع لائحہ عمل تیا ر کررہے ہیں۔

تاریخی ورثے کی حفاظت کے لئے ایل ڈی اے کو والڈ سٹی لاہور کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ ماسٹر پلان2050 لاہور کے مستقبل کا معاملہ ہے، اس کی شفاف طور پر تیاری ہماری اولین ترجیح ہے۔وہ گزشتہ روز لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ماسٹر پلان لاہور 2050ء کی تیاری کے سلسلے میںسمر پیلس شاہی قلعہ میں منعقدہ سیمینار سے خطا ب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ماسٹر پلان کی تیاری کے دوران کئے جانے والے مختلف سرویز میں شفافیت یقینی بنائے جائے گی۔

یہ ماسٹر پلان لاہور کی حدود میں واقع تمام دیہی و شہری علاقوں کے لئے تیار کیاجا رہا ہے۔ شہر کی ترقی کاخاکہ تیار کرنے کے لئے لاہور کے شہریوں ، ماہرین اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان2050ء کی تیاری کے لیے بین الاقوامی اور مقامی کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ایل ڈی اے نے شہر کے لئے منصوبہ بندی کرنے کے لئے ماہرین اور شہریوں سے رائے طلب کی ہے۔

سٹیک ہولڈرز ، سرکاری و غیر سرکاری ادارے ،عو ام الناس ا ور دیگر تنظیمیں لاہور کی بہتری کے لئے اپنی تجاویز ایل ڈی اے آفس میں جمع کروائیں۔ اس موقع پر وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران نے ڈی جی والڈ سٹی لاہور کامران لاشاری کی کاوشوں کو بھی سراہا۔سیمینار میں ٹائون پلانرز،آرکیٹیکٹس اورانجینئرز نے لاہورکو درپیش مختلف مسائل پر روشنی ڈالی۔

سیمینار میںچیف میٹروپولیٹن پلانر ندیم اختر زیدی، ایڈمنسٹریٹر شاہی قلعہ سعیدہ فائزہ شاہ،والڈ سٹی آف لاہورکے نمائندوں، آرکیٹیکٹ کامل خان ممتاز ،ایسوسی ایشن آف بلڈرز کے شیرازمنوںاور اکبر شیخ،دارالہندسہ لبنان اور ایشین انجینئرنگ فرم کے نمائندے شریک ہوئے ۔ ڈائریکٹر زفیصل مسعود قریشی،نوید احمد بھٹی،بشری، شفقت نیاز کنگ،ڈپٹی ڈائریکٹرز عثمان طاہر،محمد عمر،شیروز جاوید سمیت دیگر ایل ڈی اے افسران اور لاہور کالج برائے خواتین،یو ای ٹی، یو ایم ٹی کے طلبہ و طالبات اور شاہی قلعہ کی سیر کو آئے ہوئے شہریوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں