میاں محمود الرشید کی پی پی 160 کے پانی کی قلت والے علاقوں میں تین دن میں سپلائی بحال کرنے کی ہدایت

متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر تین ٹیوب ویلوں کی تنصیب کا کام فوراً شروع کیا جائے‘ میاں محمود الرشید

جمعرات 24 جون 2021 23:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2021ء) حلقہ پی پی 160 لاہور کے بعض علاقوں میں میں پانی کی فراہمی کی قلّت دور کرنے کے لیے وزیرہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں حلقہ کے عوامی نمائندے، وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز محمود، ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز اور دیگر شریک ہوئے۔اس موقع پر حلقہ کے بعض علاقوں میں پانی کی فراہمی میں تعطل کے معاملے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

(جاری ہے)

میاں محمود الرشید نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں تین دن میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے،مقررہ وقت میں پانی کی فراہمی بحال نہ ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ واسا حکام نے یقین دلایا کہ متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور بہت جلد پانی کی فراہمی بحال ہو جائے گی۔میاں محمود الرشید نے مزید ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر تین ٹیوب ویلوں کی تنصیب کا کام فوراً شروع کیا جائے۔محمود الرشید نے واسا حکام کو پورے حلقہ پی پی 160 میں مستقل بنیادوں پر پانی کی,بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں