شہروز کاشف کی خیریت سے واپسی کیلئے دعا کریں، والد

شہروز کاشف کے ٹو سر کرنے والا کم عمر ترین کوہ پیما بنا، فیملی کیلئے ہی نہیں پورے پاکستان کے لیے فخرکی بات ہے، کاشف سلمان

منگل 27 جولائی 2021 16:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے والے کوہِ پیما شہروز کاشف کے والد کاشف سلمان نے بیٹے کی خیریت سے واپسی کیلئے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہروز کاشف کے ٹو سر کرنے والا کم عمر ترین کوہ پیما بنا، یہ فیملی کے لیے ہی نہیں پورے پاکستان کے لیے فخرکی بات ہے۔

کاشف سلمان نے کہا کہ وہ پاکستان کے نام کے لیے چوٹیاں سر کر رہا ہے ، شہروز نے مہم کا نام ’پاکستان آن کے ٹو‘ رکھا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سب لوگ دعا کریں کہ شہروز کاشف خیریت سے واپس آئے۔یاد رہے کہ پاکستانی کوہِ پیما شہروز کاشف نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کر کے سب سے کم عمری میں یہ اعزاز اپنے نام کرنے کا ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا۔شہروز کے والد کاشف سلمان کے مطابق شہروز نے صبح 8 بجکر دس منٹ پر کے ٹو سر کی، 19 سالہ شہروز کاشف کے ٹو سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما ہیں۔لاہور سے تعلق رکھنے والے شہروز کاشف 17 برس کی عمر میں پاکستان کی چوتھی بلند ترین چوٹی براڈ پیک سًر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما بھی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں