نذیر چوہان کا معاملہ سنجیدہ ہے کسی کو اختیار نہیں کہ دوسرے کے عقیدے پر قابل اعتراض بات کرے‘راجہ بشارت

پی ٹی آئی ایک جمہوری جماعت ہے اور جمہوریت و قومی اداروں کو مضبوط کرنے پر یقین رکھتی ہے‘صوبائی وزیر قانون کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 29 جولائی 2021 20:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) صوبائی وزیر قانون و کوآپریٹوز پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ ایم پی اے نذیر چوہان کا معاملہ سنجیدہ ہے کیونکہ کسی کو بھی یہ اختیار نہیں کہ دوسرے کے عقیدے پر قابل اعتراض بات کرے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ بشارت نے کہا کہ ہمیں اس طرح کے معاملات میں احتیاط سے کام لینا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پھر بھی اگر نذیر چوہان سے زیادتی ہوئی تو اس کا ازالہ کیا جائے گا۔ وزیر قانون نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کا الیکشن شفاف ہوا ہے اور دھاندلی کی باتوں میں کوئی وزن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سارا دن پولنگ کے دوران کسی نے دھاندلی کی شکایت نہیں کی لہذا شفاف الیکشن کے بعد جو نتائج آئے وہ سب کو تسلیم کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک جمہوری جماعت ہے اور جمہوریت و قومی اداروں کو مضبوط کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے تمام احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں