وسطی پنجاب کا (ن)لیگ کا قلعہ ہونے کا طلسم ٹوٹ چکا‘ محمود الرشید

وزیراعظم کے احتساب کے نعرے پر آزاد کشمیر اور سیالکوٹ کے ووٹر ز نے مہر تصدیق ثبت کر دی ہے

جمعرات 29 جولائی 2021 23:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) وزیربلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے احتساب اور گڈ گورننس کے نعرے پر آزاد کشمیر اور پی پی 38 سیالکوٹ کے ووٹر ز نے مہر تصدیق ثبت کر دی ہے، وسطی پنجاب کا ن لیگ کا قلعہ ہونے کا طلسم ٹوٹ چکا ہے، ن لیگ کا ریاست مخالف بیانیہ رد ہو چکاہے - وزیراعلی پنجاب نے گوجرانوالہ کیلئے ریکارڈ ترقیاتی پیکیج دیا ہے اور یہاں بڑے ترقیاتی کام شروع ہونے جا رہے ہیں - انہوں نے ان خیالات کا اظہار سرکٹ ہاؤس گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا- وزیر بلدیات نے کہاکہ انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالہ سے عمران خان کو ملنے والے نوٹس کا جواب دیا جائے گا، پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے انٹرا پارٹی الیکشن کروائی- آزاد کشمیر اور سیالکو ٹ کی طرح آئندہ کنٹونمنٹ انتخابات میں بھی واضح اکثریت سے جیتیں گے - انہو ں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور سپریم کورٹ نے بلدیاتی نمائندوں کو بحال کیا ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ 2013 کا بلدیاتی ایکٹ ختم ہو چکا ہے - ہم سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کروانا چاہتے ہیں لیکن قانونی پیچیدگیاںہیں - صو بائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر بلدیات کا قلمدان سنبھالنے کے بعد گوجرانوالہ کا دورہ کیا ہے تاکہ یہاں کے مسائل کے حوالہ سے براہ راست آگاہی حاصل کرسکوں - قبل ازیں کمشنر آفس گوجرانوالہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے صوبائی وزیر نے کہاکہ عوامی ترجیحات پر عمل درآمد اور شہری مسائل کے حل کے سلسلہ میں دستیاب وسائل کوبہتر طریقہ سے استعمال کرتے ہو ئے صفائی‘ سیوریج اورسالڈ ویسٹ کے شعبوں سے متعلق عوامی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن نے صوبائی وزیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت پنجاب کی جانب سے ریکارڈ ترقیاتی پیکیج پر وزیر اعلی پنجاب کا شکریہ ادا کیا- انہوں نے بتایاکہ حکومت کے خصوصی ترقیاتی وژن کے تحت ڈویژن کی تعمیر و ترقی کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکیج پرعمل درآمد کیلئے پروگرام مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) قائم کر دیا گیا ہے جس کا ہفتہ وار اجلاس ہو رہاہی- انہوں نے بتایاکہ سالانہ تر قیاتی پروگرام کے حوالہ سے تمام سکیمیں سی ایم آفس کی مقررہ ٹائم لائن کے مطابق منظو ر کی جا رہی ہیں اور پہلی بار گوجرانوالہ ڈویژن کو اس کے حجم اور اہمیت کے مطابق ترقیاتی فنڈز فراہم کئے گئے ہیں - کمشنر نے اس توقع کااظہار کیاکہ ڈویژن بھرمیں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں سے بہت سارے دیرینہ مسائل کا پائیدار حل ممکن ہو جائے گا اوراس سلسلہ میں تمام متعلقہ ادارے مسلسل کام کررہے ہیں -اجلاس کے دوران سی او میٹرو پولیٹن کارپوریشن‘ ڈی جی پی ایچ اے‘ واسا اور جی ڈبلیو ایم سی کے افسران نے صو بائی وزیر کو اپنے اداروں کی کارکردگی‘ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات اور درپیش مسائل کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی -صوبائی وزیرنے اجلاس کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کے حل کے سلسلہ میں حکومت پنجاب ہرممکن کوشش کر ے گی-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں