انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کو سولر پاور سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ، بجلی کی کھپت اور بجٹ میں بچت ہوگی

جمعرات 16 ستمبر 2021 21:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2021ء) انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ(آئی پی ایچ) میں بجلی کی کھپت کم کرنے، بجلی کے بلوں پر اٹھنے والے اخراجات کو گھٹانے اوربلا تعطل پاور سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے (آئی پی ایچ) کو سولر پاور سسٹم پر منتقل کیا جائیگا۔ ادارے میں زیر تعلیم ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، فیکلٹی ممبرز اور سٹاف کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی لگایا جائیگا۔

اس بات کا فیصلہ انسٹیٹیوٹ کے بورڈ آف مینجمنٹ کے چھٹے اجلاس میں کیا گیا جسکی صدارت بورڈ کے چیئرمین اور سابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول نے کی۔ اجلاس میں ڈین آئی پی ایچ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر کے علاوہ پروفیسر شکیلہ زمان، عمران اقبال، ڈاکٹر صائمہ ایوب، ڈپٹی سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر عائشہ پرویز اور محکمہ خزانہ پنجاب کے نمائندہ افسر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے فیصلوں کے حوالہ سے ڈین ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے بتایا کہ اجلاس میں ٹیچنگ سٹاف کو بہتر سہولیات کی فراہمی، اسٹاف میں اضافہ، کلاس رومز کی اپ گریڈیشن، ٹیچنگ سہولیات میں اضافہ کیلئے اقدامات کی منظوری دی۔ انسٹیٹیوٹ میں خواتین کی سہولت کیلئے لیڈیز کامن روم بنایا جائیگا اور فیسلیٹیشن سینٹر بھی قائم کیا جائیگا۔علاوہ ازیں لیبارٹری کے قیام اور پہلے سے موجود لیبارٹری کو اپ گریڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بورڈ کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول کا کہنا تھا کہ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کو صحت عامہ کو بہتر بنانے اور پبلک ہیلتھ کے شعبہ میں ریسرچ اینڈ ایجوکیشن کے جدید مواقع فراہم کر کے بین الاقوامی میعار کا مثالی ادارہ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے۔ اجلاس میں آئی پی ایچ کے قومی اور بین الاقوامی جامعات اور دیگر اداروں کے ساتھ تعاون اور مشترکہ تحقیقی و تعلیمی پروگراموں میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں