پنشن میں اضافہ کی رقم بقایا جات سمیت جلد ادا کر دی جائے گی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے

جمعہ 17 ستمبر 2021 19:32

لاہور۔17ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر2021ء) :پاکستان ریلوے ایمپلائز پریم یونین سی بی اے کے صدر شیخ محمد انور نے ورکشاپ اسٹیبلشمنٹ کے صدر چوہدری محمود الاحد کے ہمراہ چیف ایگزیکٹو آفیسر نثار میمن کے آفس میں ان سے ملاقات کی اور انہیں ریلوے کے محنت کشوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہیں بتایا کہ حکومت کی جانب سے پنشن میں کیے جانے والا دس فیصد اضافہ تین ماہ گزرنے کے باوجود تاحال پنشنرز اور ان کی بیواوں کو ادا نہیں کیا جاسکا۔

جس کی وجہ سے ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کوشدید مالی دشواریوں کا سامنا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پنشن میں اضافہ کی رقم بقایا جات سمیت ان شااللہ جلد ادا کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان ریلوے کے ڈپٹی جنرل منیجر فرمان غنی بھی موجود تھے۔ مزید برآں محمد انور شیخ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر نثار احمد میمن کو حال ہی میں شائع ہونے والی اپنی کتاب ہر دم رواں ہے زندگی پیش کی جس پر انہوں نے بہت مسرت کا اظہار کیا اور کتاب کی ورق گردانی کرتے ہوئے کہا کہ اس کتاب میں دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ ریلوے اور اس کے کارکنوں کی کارکردگی کو موثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔

یہ کتاب ایک اچھی کاوش ہے جسے قارئین میں مقبولیت حاصل ہوگی۔ انہوں نے محمد انور شیخ سے کہا کہ اس کاوش کومستقبل میں بھی جاری رکھیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں