لاہور پولیس درحقیقت پنجاب پولیس کا آئینہ ہے،عام آدمی کو ریلیف ملنے سے لوگوں کا پولیس پر اعتماد بحال ہوگا، ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر

ہفتہ 18 ستمبر 2021 00:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2021ء) سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں سپاہ کااجلاس عام منعقد ہوا۔ڈی آئی جی انوسٹی گیشن شارق جمال،ایس ایس پی آپریشنزوقار شعیب قریشی،تمام ڈویڑنل انوسٹی گیشن و آپریشنز افسران، ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز اور انچارج انوسٹی گیشن نے اجلاس عام میں شرکت کی۔

سربراہ لاہور پولیس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس درحقیقت پنجاب پولیس کا آئینہ ہے،عام آدمی کو ریلیف ملنے سے لوگوں کا پولیس پر اعتماد بحال ہوگا۔سی سی پی او لاہور نے کہا اب عام آدمی کو ریلیف ملنا چاہیئے جس کے لئے سب سے پہلے اندارج مقدمہ اور میرٹ پر تفتیش کرنا ہوگی۔سربراہ لاہور پولیس نے سپاہ کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ میرے بازوں ہیں، لاہور پولیس کا مثبت تشخص مزید اجاگر کرنے کے لئے سخت محنت اورکارکردگی دکھانا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں وردی دی،اس وردی نے ہمیں معاشرے میں عزت اور مقام دیا،آپ پر لازم ہے کہ اس وردی کا حق ادا کریں، لوگوں کو انصاف دیں۔انہوں نے کہا کہ جو وردی کا وفادار نہیں،وہ اس محکمے میں رہنے کا حقدار نہیں۔سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ لاہور میں کوئی بدمعاش،قبضہ گروپ نہیں رہنا چاہیے، سائلین کو اللہ کے مہمان سمجھیں اور تھانوں میں سائلین کو عزت دیں۔

غلام محمود ڈوگر نے پولیس افسران کو واضح پیغام دیا کہ مقدمہ کے اندراج میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں ہوگی،انصاف کی فراہمی اور مجرموں کی سزایابی کیلئے میرٹ پر تفتیش کرنا ہوگی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ گنہگاروں کو ان کے کئے کی سزا دلوانے سے جرائم کا خاتمہ ہوگا،بدمعاشوں اور غنڈوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھیں۔ غلام محمود ڈوگر نے خبردار کیا کہ کرپشن کسی صورت برادشت نہیں۔انہوں نے منشیات فروشوں، قمار بازوں اور قبحہ خانوں،اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کیخلاف بھی گرینڈ آپریشن کا حکم دیا

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں